وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی( کل)ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

وزیراعظم پورٹ قاسم پر پاکستان کے پہلے کول اور کلنکر ٹرمینل کا افتتاح کرنے کے بعد گورنر ہائوس میں ترقیاتی پیکج کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرینگے

جمعہ 13 اکتوبر 2017 22:03

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی( کل)ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کل (ہفتہ) ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔ وزیراعظم پورٹ قاسم پر پاکستان کے پہلے کول اور کلنکر ٹرمینل کا افتتاح کرنے کے بعد گورنر ہائوس میں ترقیاتی پیکج کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرینگے۔ وہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

امکان ہے کہ وزیراعظم کو کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔ وزیر اعظم کراچی پہنچنے کے بعد پورٹ قاسم پر تعمیر شدہ کول اور کلنکر ٹرمینل کا افتتاح کریں گے۔ یہ منصوبہ مئی 2017 میں مکمل ہوچکا ہے اور اب تک اس ٹرمینل پر کوئلے سے لدے 12جہاز لنگر انداز ہوچکے ہیں۔پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شارق صدیقی نے بتایا کہ ملک کے پہلے سیمنٹ ، کول اور کلنکر ٹرمینل کی تعمیر پر کمپنی 285ملین ڈالر کی بھاری سرمایہ کاری کرچکی ہے۔

(جاری ہے)

ٹرمینل سالانہ 12ملین ٹن اور روزانہ 30,000ٹن کوئلے کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے جبکہ ٹرمینل پر کارگو ہینڈلنگ کا وقت بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ ہے۔ ٹرمینل کو پورٹ قاسم اتھارٹی کے ساتھ بی او ٹی معاہدے کے تحت تیس سال کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ ٹرمینل پرایک خود کار جیٹی کے علاوہ کوئلے کو ان لوڈ کرنے کیلئے دو اورسیمنٹ اور کلنکر کو ان لوڈ کرنے کیلئے ایک جدید ترین کرین نصب کی گئی ہے۔

ٹرمینل کے جدید ترین انفرااسٹرکچر سے نہ صرف ہینڈلنگ ٹائم کم ہوگا بلکہ ہینڈلنگ کے دوران سیمنٹ اور کوئلے کے ضائع ہونے میں بھی کمی واقع ہوگی۔ٹرمینل کی گہرائی 13میٹر ہے جس پر 65000ٹن وزنی جہاز کو ہینڈل کیا جاسکتا ہے۔ پی آئی بی ٹرمینل کے ذریعے روایتی طریقے کے مقابلے میں کوئلے کو زیادہ بہتراور موثر طریقے سے ہینڈل کیا جاسکتا ہے۔ٹرمینل کی جیٹی 15.5میٹر تک کی گہرائی والے جہازوں کو بھی ہینڈل کرسکے گی۔

کراچی پورٹ پر کوئلے سے لدے جہاز کو ہینڈل کرنے میں تقریباپانچ دن لگتے ہیں جب کہ اسی وزن کے جہاز کو پی آئی بی ٹی ایل کے جدید اور میکنائزڈ ہینڈلنگ سسٹم کی وجہ سے صرف دو دن میں ہینڈل کیا جا سکے گا۔ شارق صدیقی کے مطابق پی آئی بی ٹی کی تعمیر سے جدید کول ہینڈلنگ ٹرمینل سسٹم ملک کے پورٹ ڈھانچے میں شامل ہوگیا ہے، پی آئی بی ٹی میں عالمی بینک کے ذیلی ادارے آئی ایف سی کی بھی سرمایہ کاری شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :