ملک سے کرپشن کا ناسور ختم کرنے کیلئے جہاد شروع کردیا ہے،پرویزخٹک

خیبرپختونخوا میں کرپشن کی وجہ سے سکولوں، ہسپتالوں، تھانوںاور پٹوار خانوں سمیت تمام اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا تھامگر ہم نے تنزل کے شکار تمام محکموں اور شعبوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرکے عوام کی خدمت کے تابع بنا دیا اور آج الله تعالیٰ کے فضل سے وہ صوبہ امن و آشتی کا گہوارہ بن چکا ہے جو ایزی لوڈ کلچر کی وجہ سے دہشت گردی اور بھتہ خوری کا مرکز بن گیا تھااور صوبے کے کسی کونے میں شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو محفوظ نہیں تھی،وزیراعلی کے پی کے

جمعہ 13 اکتوبر 2017 22:03

ملک سے کرپشن کا ناسور ختم کرنے کیلئے جہاد شروع کردیا ہے،پرویزخٹک
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی زیر قیادت ملک سے کرپشن کا ناسور ختم کرنے کیلئے جو جہاد شروع کیا ہے اُسے ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ خیبرپختونخوا میں کرپشن کی وجہ سے سکولوں، ہسپتالوں، تھانوںاور پٹوار خانوں سمیت تمام اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا تھامگر ہم نے تنزل کے شکار تمام محکموں اور شعبوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرکے عوام کی خدمت کے تابع بنا دیا اور آج الله تعالیٰ کے فضل سے وہ صوبہ امن و آشتی کا گہوارہ بن چکا ہے جو ایزی لوڈ کلچر کی وجہ سے دہشت گردی اور بھتہ خوری کا مرکز بن گیا تھااور صوبے کے کسی کونے میں شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو محفوظ نہیں تھی ۔

(جاری ہے)

وہ ارباب عامر ٹرمینل رنگ روڈ پر پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسہ عام اور شمولیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں اے این پی کے مرکزی رہنما ارباب نجیب الله اور مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ رہنما عبد الستار خلیل نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔جلسے سے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان، وزیراطلاعات و آبنوشی شاہ فرمان خان، رکن صوبائی اسمبلی حاجی فضل الٰہی،جے یو آئی نظریاتی کے رہنما مفتی زبیر، پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے رہنمائوں ارباب عامر ایوب ، عبد الستار خلیل اور این اے فور سے ضمنی انتخاب کے اُمیدوار ارباب عامر ایوب نے بھی خطاب کیا اور کرپشن سے پاک فلاحی معاشرے کے قیام کیلئے پی ٹی آئی کے کردار پر روشنی ڈالی نیز اس ضمن میں پرویز خٹک کی کوششوں کو بطور خاص سراہا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی نوجوانوں اور مجاہدوں کی پارٹی ہے جنہوںنے اپنی بے خوف اور پر خلوص کوششوںسے مفاد پرستی کی سیاست کے تمام بت پاش پاش کردیئے ۔آج صوبے میں کوئی رشوت لینے ، ڈیوٹی سے غیر حاضری یا کام چوری کا تصور بھی نہیں کر سکتااور اگر کرے گاعبر تناک سزا کیلئے بھی تیار ہو۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی مخالف تمام جماعتیں ذاتی مفادات کی غلام بن چکی ہیں اور ان کے لیڈر اپنا لوٹا ہوا مال بچانے کیلئے سرگرداں ہیں مگر اپنی ڈوبتی ہوئی کشتی بچانے کیلئے عوام میں الٹی سیدھی باتیں کرر ہے ہیں۔

پرویز خٹک نے مولانا فضل الرحمن کی منفی اور مفاد پرستی پر مبنی سیاست پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ آج وہ حیلے بہانوں کے سوا ء عوام تو کیا اپنے کارکنوں کو بھی مطمئن نہیں کرسکتا کہ اُس نے ایم ایم اے میں اپنے دور حکومت سے لے کر آج نوا ز شریف کے دور حکومت تک اسلام کی کیا خدمت کی ہے بلکہ اب تو دُنیا کے ساتھ ساتھ دین کے خلاف سازشوں میں بھی اُنہیں استعمال کیاجا نے لگا ہے۔

ہم مفاد پرستی اور منافقت کی سیاست پر لعنت بھیجتے ہیں اور خد ا کے فضل سے اپنے مختصر دور میں کرپشن کے خاتمے اور اداروں کی مضبوطی کا اپنا انتخابی وعدہ سو فیصد پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام کی خدمت کیلئے بھی کئی اقدامات کئے ۔ صوبے میں جہیز اور سود پر مبنی کاروبارکا خاتمہ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سکولوں میں پرائمری کی سطح پر ناظرہ اور میٹرک کی سطح پر باترجمہ قرآن کی تدریس بطور لازمی مضمون متعارف کیا گیا نیز درسی کتب میں غلطیوں کا خاتمہ بھی کیا گیا۔

اب نئے مالی سال میں چار ہزار مساجد کو شمسی توانائی کی فراہمی کے ذریعے نمازیوں کو لوڈ شیڈنگ کی تکالیف سے مکمل نجات دلائی جائے گی جبکہ مساجد کے آئمہ اور خطیبوں کے لئے تنخواہوں کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے تاکہ وہ پوری دلجمعی سے اہل علاقہ کی دینی رہنمائی کر سکیں۔ انہوںنے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اسلام کے نام پر قائم ہونے والی سیاسی جماعت اور اس کے قائد مولانا فضل الرحمن کرایہ پر دستیاب ہونے لگے ہیںاور جو بھی حکومت اپنے کسی بھی مقصد کیلئے اُسے استعمال کرنا چاہے تو اس کی قیمت مقرر کرکے اپنے مقاصد آسانی سے حاصل کرلیتی ہے تاہم اگلے عام انتخابات میں منافقت اور مفاد پرستی کی سیاست کا جنازہ نکلنے والا ہے اور پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے ملک کے نوجوان عمران خان کو اگلا وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں اور ایسا ہو کر رہے گا۔

وزیراعلیٰ نے لوگوں پر بھی زور دیا کہ وہ حب الوطنی کے جذبے سے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے نکلیں اور پشاور کے ضمنی انتخابات میں اس کا عملی مظاہرہ بھی کریں۔جے یو آئی نظریاتی کے رہنما مفتی زبیر نے اس موقع پر خطاب میں مولانا فضل الرحمن کی سیاست کو دھوکہ دہی اور مفاد پر ستی پر مبنی قرار دیتے ہوئے عوام کے ساتھ ساتھ علماء سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کو دین اور سیاست سے بید خل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ دین اور سیاست میں منافقت کا عنصر بھی ختم ہو ۔

متعلقہ عنوان :