پاکستان ریلویز میں چہرے کی شناخت کے ذریعے حاضری کا کمپیوٹرائزڈ نظام لایا جارہا ہے ‘خواجہ سعد رفیق

ورکشاپوں میں محنت کش ہاتھوں پر نشانات کے باعث فنگر پرنٹس کی بنیاد پر بائیو میٹرک حاضری نہیں لگا سکتے ہیں‘وزیر ریلوے

جمعہ 13 اکتوبر 2017 20:58

پاکستان ریلویز میں چہرے کی شناخت کے ذریعے حاضری کا کمپیوٹرائزڈ نظام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز میں چہرے کی شناخت کے ذریعے حاضری کا کمپیوٹرائزڈ نظام لایا جارہا ہے ، ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی میں چہرے کی شناخت کے ذریعے کمپیوٹرائزڈ حاضری کے جدید نظام کی تجرباتی بنیادوں پر تنصیب کامیاب رہی ہے۔ وزیر ریلویز نے مزید کہا کہ ورکشاپوں میں محنت کش ہاتھوں پر نشانات کے باعث فنگر پرنٹس کی بنیاد پر بائیو میٹرک حاضری نہیں لگا سکتے ہیںلیکن حاضری کی جدید کمپیوٹرائزڈ ڈیوائسز چہرے کی عینک کے ساتھ بھی شناخت کر سکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے ورکشاپوں میں چہرے کی شناخت کے ذریعے حاضری لگانے والاسرکاری سطح پر پہلا محکمہ ہو گا ، حاضری مشینوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور بلٹ پروف شیشوں سے حفاظت یقینی بنائی جائے گی، ملازمین کو ڈیوائسز کو چھونے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ ریلوے ورکشاپوں میں حاضری کے اس جدید نظام کے لئے ابتدائی تخمینہ تیار کر لیا گیا ہے جو اپنے نتائج اور فوائد کے مقابلے میں مہنگا نہیںہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی فہد رحمان نے بتایا کہ اس جدید فیس ریکیگنیشن سسٹم کے ذریعے گھوسٹ ملازمین اور پراکسی حاضری کا قلع قمع ہو جائے گا۔