شہباز شریف سے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی ملا قات،سیاسی امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

پاکستان کو آگے لیجانے کے لئے ’’ہم ‘‘ کی روش پر چلنا ہو گا ،سیاست صرف عوامی خدمت کا نام ہے اورنیا پاکستان بنانے کے کھوکھلے نعرے لگانے سے تبدیلی نہیں آتی ، وزیراعلیٰ پنجاب کی گفتگو

جمعہ 13 اکتوبر 2017 20:45

شہباز شریف سے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی ملا قات،سیاسی امور اور ملکی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جمعہ کے روز وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے ملا قات کی جس دوران سیاسی امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جمعہ کے روز وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے ملا قات کی جس دوران سیاسی امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران انہوں نے وزیر اعلیٰ کو اپنے دورہ امریکہ اور وہاں امریکی حکام سے ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا، خواجہ آصف نے اپنے حلقے کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو آگے لیجانے کے لئے ’’ہم ‘‘ کی روش پر چلنا ہو گا ،سیاست صرف عوامی خدمت کا نام ہے اورنیا پاکستان بنانے کے کھوکھلے نعرے لگانے سے تبدیلی نہیں آتی ۔تبدیلی کے لئے مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزام تراشیاں کرنے والے سیاسی عناصر اپنی ساکھ کھو بیٹھے ہیں اور الیکشن 2018 ء میں عوام خدمت ، دیانت اور امانت کی سیاست کو کامیاب کرائیں گے ۔