الزام تراشی اوربہتان طرازی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں، شہبازشریف

مسلم لیگ(ن) کے حالیہ دور میں جتنے منصوبے لگے ہیںپاکستان کی 70سالہ تاریخ میں اسکی مثال موجود نہیں قوم2018ء کے عام انتخابات میں ان عناصر کاکڑا احتساب کریگی:وزیراعلیٰ کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

جمعہ 13 اکتوبر 2017 20:36

الزام تراشی اوربہتان طرازی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں، ..
لاہور۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے جبکہ رکاوٹوں کے باوجودملک کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو اعلیٰ معیار اورتیزرفتاری کے ساتھ آگے بڑھایا ہے ۔ وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنا دینے والے ایک بار پھر ذاتی ایجنڈے کی خاطر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چا ہتے ہیں اور یہ شکست خوردہ سیاسی عناصر ذاتی مفادات کیلئے انتشار کی سیاست کرکے ملک و قوم سے دشمنی کررہے ہیں۔ ملک میں استحکام ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے حالیہ دور میں جتنے منصوبے لگے ہیںپاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں اسکی مثال موجود نہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت کا ہر منصوبہ شفافیت،اعلی معیار اورتیز رفتاری کا شاہکار ہے۔میگا ترقیاتی منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں ۔ایک طرف شفافیت اورخدمت کی داستان رقم ہوئی ہے تو دوسری طرف جھوٹ اوربے بنیاد الزام تراشیاں کی گئی ہیں ۔ الزام تراشی اوربہتان طرازی کرنے والے یہ عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔ ان عناصرنے ہرقدم قدم پر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی ۔

باشعور عوام نے ترقی کے مخالفین کی ہرکوشش کوناکام بنایا ہے ۔ قوم2018ء کے عام انتخابات میں ان عناصر کاکڑا احتساب کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ دھرنوں سے قوم کا قیمتی وقت ضائع ہوا اورترقی کے سفر میں خلل پڑا جبکہ سابق دور میں قومی وسائل کی لوٹ مار سے ملک کنگال ہوا۔دھرنوں سے ترقی کا سفر روکنے والوں اورکرپشن کے ذریعے معیشت کو برباد کرنے والوں کو حساب دینا ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن کے باعث ملک کو غربت اورلوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ملے،اسی طرح ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے منفی طرز عمل سے عوام کے مسائل بڑھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی دن را ت محنت سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے اورمسلم لیگ(ن) کی حکومت کی سوا چار سا ل کی جدوجہد کے باعث ملک پر برسوں سے چھائے اندھیرے چھٹ گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں اراکین قومی اسمبلی،رانا محمد حیات خان ،محمد معین وٹو، معاون خصوصی ملک سلیم اقبال،ایم پی اے مہدی عباس لنگاہ، ایم پی اے محمودالحسن چیمہ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل گوجرانوالہ مظہر قیوم ناہرہ اور سابق ایم این اے مدثر قیوم ناہرہ شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :