متحدہ عرب امارات نے شمالی کوریا سے سفارتی تعلقات ختم کردئیے

جمعہ 13 اکتوبر 2017 20:34

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) متحدہ عرب امارات نے شمالی کوریا سے سفارتی تعلقات ختم کردئیے۔میڈیا میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے شمالی کوریا سے سفارتی تعلقات کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پیانگ یانگ سے اپنے سفارتکاروں کو واپس بلا لیا ہے جبکہ شمالی کوریا کے شہریوں کو یو اے ای کے ویزے کا اجراء روک دیا گیا ،ْ اماراتی حکومت نے شمالی کوریا کے کمپنیوں کو نئے لائسنس جاری نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام میں مسلسل اضافے اور خطرناک کیمیائی میزائل تجربہ کو سفارتی تعلقات ختم کرنے کی وجہ بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر عالمی برادری کے ساتھ ساتھ اماراتی حکومت کو بھی شدید تشویش ہے۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا کے سخت حریفوں جنوبی کوریا اور جاپان نے خلیجی ریاستوں پر زور دیا تھا کہ وہ شمالی کوریا سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے ممالک میں داخل ہونے سے روکیں۔

گزشتہ ماہ کویت اور قطر نے بھی شمالی کوریا کے شہریوں کو ویزے کی فراہمی روک دی تھی۔کویت نے شمالی کورین سفیر کو ایک ماہ کی جبری رخصت پر بھیجتے ہوئے نئے ویزوں کا اجرا نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ قطر نے بھی شمالی کوریا کے شہریوں کو ویزوں کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کی یو اے ای میں ایک اندازے کے مطابق 13سو کے لگ بھگ شمالی کورین باشندے مقیم ہیں جب کہ کویت میں قریباً2500اور قطر میں 1000شمالی کورین شہری موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :