محکمہ صحت کے پانچ ہزار ملازمین کی سکریننگ کے لیے دو روزہ کیمپ کا افتتاح کر دیا گیا

پہلے روز 587ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکل سٹاف اور سکیورٹی گارڈز وغیرہ کی سکریننگ کی گئی جن میں 447افراد کو بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین دی گئی

جمعہ 13 اکتوبر 2017 20:09

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2017ء)وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خاں کی خصوصی ہدائت پر ڈی سی شیخوپورہ ارقم طارق، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جاوید اقبال گورایا اور ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ ڈاکٹر شہناز نسیم کی نگرانی میں محکمہ صحت کے پانچ ہزار ملازمین کی سکریننگ کے لیے دو روزہ کیمپ کا افتتاح کیا گیا۔

ہسپتال کے ایڈمن آفیسران لہراسب ، ساجد علی، بلال احمد اور حیدر علی کے علاوہ محمد تنویر اور سینئر صحافی عثمان گوندل نے سکریننگ کے عمل کی نگرانی کی۔

(جاری ہے)

کیمپ کیپہلے روز 587ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکل سٹاف اور سکیورٹی گارڈز وغیرہ کی سکریننگ کی گئی جن میں 447افراد کو بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین دی گئی ۔ 23ملازمین میں ہیپاٹائٹس سی، ایک میں B جبکہ54ملازمین میں شوگر کی بیماری کی علامات ظاہر ہوئیں۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ شیخوپورہ ڈاکٹر جاوید احمد گورایا نے کہا کہ حکومت کی ہدائت پر ایسے کیمپس کے ذریعے ملازمین کو چیک اپ کی سہولت دی جا رہی ہے جس کے بعد دیگر سرکاری محکموں کو بھی ایسی سہولت فراہم کرکے انہیں موذی امراض سے بچانے کے لیے طبی امداد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو بھی مفت اور فوری طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔