وزیراعلیٰ کا ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس سے خطاب، امن عامہ کا جائزہ لیا

ختم نبوتؐ ہمارے ایمان میں شامل ہے، پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ختم نبوت ؐکے عقیدے پر غیرمتزلزل ایمان رکھتی ہے،شہبازشریف افہام و تفہیم اور مشاورت کے ساتھ اقدامات کئے جائیں ، سمجھ بوجھ ، تدبر اور تحمل سے کام لیا جائے پاکستان ہم سب کا سانجھا ہے ، وطن عزیز میں قیام امن کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا، وزیر اعلی پنجاب

جمعہ 13 اکتوبر 2017 19:53

وزیراعلیٰ کا ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جمعہ کوویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس کی صدارت کی جس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اقدامات اورصوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ختم نبوت ؐکے عقیدے پر غیرمتزلزل ایمان رکھتی ہے اور وفاقی حکومت نے ختم نبوتؐ کے حلف نامے کے قانون کو اصل شکل میں بحال کر دیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدرمحمد نواز شریف نے فوری طور پر تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ ہمارے ایمان میں شامل ہے اور صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور ماحول کو سازگار بنانا ہم سب کی ملی، قومی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے متعلقہ حکام، کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز امن عامہ برقرار رکھنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور فیلڈ میں موجود رہیں۔

انہوں نے کہا کہ افہام و تفہیم اور مشاورت کے ساتھ اقدامات کئے جائیں اور امن عامہ کو یقینی بنانے کے لئے سمجھ بوجھ ، تدبر اور تحمل سے کام لیا جائے اور کوئی ایسا اقدام نہ اٹھایا جائے جس سے ماحول میں کشیدگی پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ہے اور ہم نے وطن عزیز میں قیام امن کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے امن عامہ کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، ایوب گادھی، زعیم حسین قادری، مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور اعلیٰ حکام نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنرز اور آر پی اوز اپنے متعلقہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :