کچھ بیرونی طاقتیں ملک کو غیرمستحکم کرنے کی سازشیں کرنے میں مصروف ہیں،سردار رحیم

ہم ملک کو بچانے کیلئے پیرصاحب پگارا کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لئے نکلے ہیں ،اپنا اور اپنے بچوں کا بہتر مستقبل اور ملک پاکستان کا استحکام چاہتے ہیں ،رہنماء (ف) لیگ

جمعہ 13 اکتوبر 2017 19:33

شہدادپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صوبائی جنرل سیکریٹری سردار رحیم نے کہا ہے کہ کچھ بیرونی طاقتیں ملک کو غیرمستحکم کرنے کی سازشیں کرنے میں مصروف ہیں ۔ ہم ملک کو بچانے کے لئے پیرصاحب پگارا کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لئے نکلے ہیں اپنا اور اپنے بچوں کا بہتر مستقبل اور ملک پاکستان کا استحکام چاہتے ہیں سندھ کے عوام کو نومبر میں خوشخبری ملے گی ۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ فنکشنل سٹی و تعلقہ شہدادپور کی جانب سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ شہدادپور میں آج سینکڑوں کارکنوں کا ہجوم دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ ضلع سانگھڑ مسلم لیگ فنکشنل کا قلعہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جن جماعتوںمیں کارکنوں کی اہمیت نہیں ہوتی ہے وہ جماعتیں کامیاب نہیں ہوتیں ۔

(جاری ہے)

میںبھی اس جماعت کا ادنیٰ سا کارکن ہوں ۔ کنونشن سے مسلم لیگ فنکشنل کے چیف آرگنائزر کاشف نظامانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل پاک فوج کے ساتھ ہے ۔ پیپلز پارٹی کو اب اقتدار نہیں ملے گا ۔ سندھ کی عوام کو پی پی پی کے دس سالہ سیاہ دور سے جلد نجات ملنے والی ہے ۔انھوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ اگر آپ تبدیلی چاہتے ہیں تو وطن یا کفن کا نعرہ لگا کر پیر پگارا کی پارٹی کے ہاتھ مضبوط کریں ۔

کنونشن سے حر جماعت کے خلیفہ اور مسلم لیگ فنکشنل کے رکن صوبائی اسمبلی خلیفہ وریام فقیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا سورج غروب ہونے کو ہے ۔ سندھ میں کرپشن ، چور بازاری ، لاقانونیت اور پولیس گردی کے بل بوتے پر حکومت کرنے والے الیکشن سے قبل ہی بھاگ جائیں گے ۔ عزیر بلوچ نے ابھی تھوڑا سچ بولا ہے ۔ جو لوگ دس سال سے اقتدار میں ہیں اور اپنے دور اقتدار میں اپنے قائد کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کر سکے ہیں وہ عوام کی کیا خدمت کریں گے ۔

کنونشن سے سابق رکن سندھ اسمبلی فقیر محمد بخش خاصخیلی، ماہی خان وسان ، امام الدین ، سابق تعلقہ ناظم حسین بخش خاصخیلی،صوبائی رہنماء کریم بخش شیخ ، کونسلرفتح محمد شیخ ، ضلع سانگھڑ کونسل کے ممبر مختیار سہتو ، عبدالرحیم کلوئی ، ایم ایس ایف کے رہنماء اور کونسلر نذیر بروہی ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر خلیفہ غلام محمد انڑ ، فقیر عبدالباسط ہنگورو ، رانا سردار علی ، رانا پرویز ، کونسلر سعید راٹھوڑ ، عبدالشکور دھاریجو ، رانا عبدالستار ، مشتاق بٹ ، رانا اقبال بالی ، سہیل لاکھو ، گل محمد جکھروسمیت سانگھڑ ضلع کے رہنمائوں ، حر جماعت کی معزز شخصیات ، شاہ پور چاکر ، سرہاڑی ، لوندو ، ملدسی اور تعلقہ شہدادپور کے چھوٹے اور بڑے شہروں اور دیہاتوں کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :