عارفوالا،بار اور بینچ کے درمیان وکلاء کو پل کا کردار ادا کرنا ہوگا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج

جمعہ 13 اکتوبر 2017 19:03

عارفوالا۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) بار اور بینچ کے درمیان وکلاء برادری کو پل کا کردار ادا کرنا ہوگا، سائلین کو بروقت انصاف کی یقینی فراہمی ممکن بنانے کیلئے ججز اور وکلاء برادری کوعملی اقدامات کرنا ہوں گے، کیسز کو طویل کرنے کی بجائے سماعت جلد ازجلد مکمل کروانے میں دونوں کو کام کرنا چاہیے تاکہ سائل کو بروقت انصاف میسرآسکے، ان خیالات کااظہار ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پاکپتن حاجی محمداسلم نے بار رو م میں سیر ت نبوی ﷺ کانفرنس میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی سیر ت مبارکہ ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے، ہمیں اتحاد ویگانگت کو فروغ دینے اور حقو ق العباد کو نظر انداز کرنے کی بجائے ان کی خدمت کرنا ہوگی،اس موقع پر انہوں نے بار روم کی توسیع کیلئے ساڑھے تین کروڑ روپے کی گرانٹ اور نئے کورٹ روم کی تعمیر کیلئے فنڈز جلدازجلد جاری کرنے کا اعلان بھی کیا،تقریب میں صدر بار سید فخرالسلام گیلانی ،سیکرٹری بار چوہدری محمدعباس ،ججز صاحبان اور وکلاء برادری کی کثیر تعداد موجودتھی ،آخر میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حاجی محمد اسلم نے تحصیل کچہری میں نئی کورٹ بلڈنگ کے سنگ بنیاد کی نقاب کشائی کی ۔