پاکستان آلو کی پیداوار میں خود کفیل ہے ، پنجاب آلو کی کل پیداوار کا 90%پیدا کر رہا ہے‘محمد محمود

کاشتکار آلو کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے آلو کی فصل کی کاشت و دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دیں ‘سیکرٹری زراعت پنجاب

جمعہ 13 اکتوبر 2017 19:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ آلو چاول ، مکئی اور گندم کے بعد چوتھی اہم ترین غذائی فصل ہے ، آلو ایک مکمل غذا ہے کیونکہ اس میں نشاستہ ، پروٹین اور وٹامنز وافر مقدار میں شامل ہوتے ہیں۔وہ گذشتہ روز آلو کی کاشت کے فروغ کے لیے اوکاڑہ میں محکمہ زراعت اور سر سبز فرٹیلائزر کے باہمی اشتراک سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان آلو کی پیداوار میں خود کفیل ہے اور پنجاب آلو کی کل پیداوار کا 90%پیدا کر رہا ہے ۔ کاشتکار آلو کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لیے محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کی مشاورت سے آلو کی فصل کی کاشت و دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ اس فصل سے فی ایکڑ زیادہ منافع کمایا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کسان کو ایسی زرعی اجناس زیادہ کاشت کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے جس سے وہ بھاری منافع کما سکے ۔

کم محنت زیادہ منافع شعوری مہم کا دائرہ کار صوبہ بھر تک وسیع ہو چکا ہے ۔ اس مہم میں کسان جوش و خروش سے شریک ہیں۔ آلو ہی نہیں دیگر زرعی اجناس کے بارے میں بھی کسانوں میں بیداری مہم جاری ہے ۔ سیکرٹری زراعت نے کامیاب سیمینار کے انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :