وزیر تجارت برآمد کنندگان کے ساتھ مل بیٹھیں اور انہیں قابل عمل ٹھوس سفارشات پیش کریں ،ْ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

حکومت کسی بھی ایسی تجویز پر کام کرنے کیلئے تیار ہے جس سے برآمدات میں واضح اضافہ یقینی بنایا جا سکے ،ْآپٹما کے وفد سے گفتگو

جمعہ 13 اکتوبر 2017 18:55

وزیر تجارت برآمد کنندگان کے ساتھ مل بیٹھیں اور انہیں قابل عمل ٹھوس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر تجارت کو ہدایت کی ہے کہ وہ برآمد کنندگان کے ساتھ مل بیٹھیں اور انہیں قابل عمل ٹھوس سفارشات پیش کریں۔وہ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (آپٹما) کے وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت پرویز ملک، وزیراعظم کے معاونین خصوصی ہارون اختر اور مفتاح اسماعیل اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وفد نے وزیراعظم کے برآمدی پیکیج پر نظر ثانی اور اضافے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جس کا مقصد دنیا بھر میں روائتی اور غیر روائتی منڈیوں کی تلاش کے لئے برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وفد نے ملک میں بالخصوص صنعتی صارفین کے لئے توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کاروبار کے فروغ کے لئے سازگار فضا پیدا کرنے اور اپنی مصنوعات کو بین الاقوامی مارکیٹ میں زیادہ مسابقانہ بنانے کے لئے پالیسی اقدامات سمیت ہر ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

وفد نے برآمدات میں اضافے اور اس کے نتیجہ میں ملک کے تجارتی خسارہ میں کمی لانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ تجاویز کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کسی بھی ایسی تجویز پر کام کرنے کے لئے تیار ہے جس سے برآمدات میں واضح اضافہ یقینی بنایا جا سکے اور جس سے تجارتی خسارے میں کمی اور روزگار میں اضافہ کے فوائد حاصل ہوں۔ وزیراعظم نے وزیر تجارت کو ہدایت کی کہ وہ برآمد کنندگان کے ساتھ مل بیٹھیں اور انہیں قابل عمل ٹھوس سفارشات پیش کریں۔