جھنڈیال میں تیل وگیس کی دریافت قومی معیشت کی ترقی میں ایک شاندار اضافہ ہے ا س سے توانائی کے بحران کو ختم کرنے میں مدد ملے گی،عسکری لحاظ سے پاکستان جوہری طاقت ہے اور اب ہمیں ملک کو معاشی طاقت بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی ہے، ہماری خواہش ہے کہ چاروں صوبے یکساں رفتار سے ترقی کریں،چاروں اکائیاں اور گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر مل کر پاکستان کو مضبوط بنائیں گے،گزشتہ 15 سالوں میں پہلی مرتبہ پاکستان بجلی کی پیداوار میں خودکفالت کی منزل حاصل کر رہا ہے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف جھنڈیال میں تیل وگیس کے نئے ذخیرہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 13 اکتوبر 2017 18:26

جھنڈیال میں تیل وگیس کی دریافت قومی معیشت کی ترقی میں ایک شاندار اضافہ ..
جھنڈیال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ جھنڈیال میں تیل وگیس کی دریافت قومی معیشت کی ترقی میں ایک شاندار اضافہ ہے جس سے توانائی کے بحران کو ختم کرنے میں مدد ملے گی، اس دریافت پر پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور اٹک پٹرولیم کے ماہرین اور ورکرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ایک ہاتھ میں جوہری قوت اور دوسرے ہاتھ میں کشکول ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے تاہم مجھے پورا یقین ہے کہ اگر قوم یکسوئی کے ساتھ متفقہ فیصلہ کرے تو کوئی پہاڑ اورکوئی سمندر ہمارا راستہ نہیں روک سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں جھنڈیال میں تیل وگیس کے نئے ذخیرہ جھنڈیالI- کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو الله تعالیٰ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دیانت داری اور ایمانداری سے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ان نعمتوں کو استعمال میں لاتے ہوئے ملک کو اقوام عالم میں معاشی طاقت بنانے کیلئے کام کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عسکری لحاظ سے پاکستان جوہری طاقت ہے اور اب ہمیں ملک کو معاشی طاقت بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی ہے، ایک ہاتھ میں جوہری قوت اور دوسرے ہاتھ میں کشکول ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے تاہم مجھے پورا یقین ہے کہ اگر قوم یکسوئی کے ساتھ متفقہ فیصلہ کرے تو کوئی پہاڑ اور کوئی سمندر ہمارا راستہ نہیں روک سکتا۔ انہوں نے تیل و گیس کی دریافت پر اٹک آئل کے ماہرین اور کارکنوں اور علاقے کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دریافت پنجاب میں ہوئی ہے لیکن یہ پاکستان کے 20 کروڑ سے زائد عوام کی ملکیت ہے۔

ماضی میں گیس کی قلت تھی لیکن نئی دریافتوں سے صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں اکائیاں اور گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر مل کر پاکستان کو مضبوط بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محمد نواز شریف نے توانائی بحران کے حل کے لئے جو اقدامات شروع کئے تھے اس کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں۔ کئی منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں جبکہ باقی پر کام ہو رہا ہے۔

پنجاب میں 2600 میگاواٹ کے منصوبے شروع کئے گئے اور وہ اب مکمل ہو رہے ہیں۔ اس میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ مقامی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ چاروں صوبے یکساں رفتار سے ترقی کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 سالوں میں پہلی مرتبہ پاکستان بجلی کی پیداوار میں خودکفالت کی منزل حاصل کر رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان بھارت کو بجلی فراہم کرنے کے قابل ہو سکے گا جس سے ملک اور معیشت ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ اگر ماضی کے ان منصوبوں سے اس کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو ہم نے اس میں 112 ارب روپے کی بچت کی ہے۔ ان منصوبوں سے صنعتوں کو بجلی فراہم ہو رہی ہے اور عام آدمی ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو رہا ہے۔