ملک میں جمہوریت کے استحکام سے ہی ترقی ہوگی اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے،

کسی ٹیکنو کریٹ یا غیر جمہوری حکومت نے پاکستان کو نہ تو کبھی کوئی فائدہ دیا اور نہ دے سکتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی گزشتہ چار سال کی کامیابیاں معمولی نہیں، یہ گزشتہ 15 سال کے کاموں پر بھاری ہیں، 2018ء کے انتخابات میں عوام کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ پاکستان کے عوام قبول کریں گے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا جھنڈیال میں تیل و گیس کی دریافت کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 13 اکتوبر 2017 18:25

ملک میں جمہوریت کے استحکام سے ہی ترقی ہوگی اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ ..
جھنڈیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام سے ہی ترقی ہوگی اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، کسی ٹیکنو کریٹ یا غیر جمہوری حکومت نے پاکستان کو نہ تو کبھی کوئی فائدہ دیا ہے اور نہ دے سکتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی گزشتہ چار سال کی کامیابیاں معمولی نہیں، یہ اس سے پہلے کے 15 سال کے کاموں پر بھاری ہیں، 2018ء کے انتخابات میں عوام کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ پاکستان کے عوام قبول کریں گے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو اسلام آباد سے تقریباً 83 کلو میٹر دور ضلع اٹک کے علاقے جھنڈیال میں تیل و گیس کی دریافت کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر شیخ آفتاب، وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیر مملکت جام کمال خان، رکن قومی اسمبلی ملک اعتبار خان، صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی، پاکستان آئل فیلڈ کے چیئرمین و سی ای او شعیب ملک اور علاقے کے عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ہمہ جہت ترقی ہو رہی ہے یہ ان پالیسیوں کی بدولت ہے جو محمد نواز شریف نے شروع کیں اور ہم ان کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ یہ وہ کامیابی ہے جو 2013ء کے الیکشن کی وجہ سے ملک کوحاصل ہوئی۔ اس وقت عوام نے جو فیصلہ کیا آج اس کے ثمرات ملک و قوم کو مل رہے ہیں، گزشتہ چار سال میں حاصل ہونے والی کامیابیاں معمولی نہیں۔ وزیراعظم نے تمام جماعتوں کو چیلنج کیا کہ وہ 1999ء سے لے کر 2013ء تک کے کام ایک جانب رکھ دیں اور معیشت سمیت کوئی بھی شعبہ لے لیں، انشاء الله ہمارے چار سال کے کام ان 15 سال پر بھاری ملیں گے۔

وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ملک میں ترقی صرف اسی وقت ممکن ہوگی جب ملک میں جمہوریت پروان چڑھے گی، جمہوریت مضبوط ہوگی تو ملک میں ترقی ہوگی، اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ٹیکنو کریٹ یا غیر جمہوری حکومت نے پاکستان کو نہ کچھ کبھی دیا ہے نہ دے گی، ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے ہمیں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔

ہمیں اگست 2018ء کے الیکشن میں حصہ لینا ہے اور جو بھی فیصلہ ہوگا وہ پاکستان کے عوام قبول کریں گے۔ وزیراعظم نے علاقے میں تیل و گیس کی دریافت پر اہل علاقہ، پی او ایل اور اٹک آئل کے حکام اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ کے بعد پنجاب میں تیل و گیس کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت ہوا اور مجھے پورا یقین ہے کہ مستقبل میں اس طرح کی مزید دریافتیں ہوں گی، میں پی او ایل اور اٹک گروپ کو قومی ترقی اور خوشحالی کے اس اہم منصوبے میں سرمایہ کاری پر مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے 15 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔

اس فیلڈ سے 21 ملین کیوبک فٹ یومیہ گیس حاصل ہوگی۔ یہ اتنی گیس ہے جتنی راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسم سرما کے دوران یومیہ استعمال ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ اڑھائی ہزار بیرل یومیہ تیل اور 50 ٹن ایل پی جی بھی اس کنوئیں سے حاصل ہوگی، یہ بڑی خوشخبری ہے اور میں تمام مقامی لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ اس دریافت سے علاقے میں گیس کی فراہمی کے علاوہ لوگوں کو ملازمتوں اور روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ توانائی بحران کے حل کے لئے حکومتی اقدامات کی بدولت آج ہم اس قابل ہوئے ہیں کہ گیس استعمال کرنے والے تمام گھریلو، صنعتی، زرعی صارفین اور پاور پلانٹس کو 24 گھنٹے گیس میسر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 103 ریکارڈ دریافتیں ہوئیں جن سے 850 ملین کیوبک فٹ گیس نظام میں شامل ہوئی جو پاکستان کی کل پیداوار کا 22 فیصد ہے، اس کے علاوہ 32000 بیرل تیل کا اضافہ ہوا جو پاکستان کی کل پیداوار کا ایک تہائی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ تمام کامیابیاں ان پالیسیوں کا نتیجہ ہیں جو عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے محمد نواز شریف کی قیادت میں 2013ء کے انتخابات کے بعد بننے والی حکومت نے شروع کیں اور جن کو ہم آج آگے بڑھا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا تھا پورے پاکستان میں ڈیم اور پاور پلانٹ لگا کر جو بجلی پیدا ہوئی وہ 20 ہزار میگاواٹ کے لگ بھگ تھی، موجودہ حکومت نے چار سال میں دس ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، توانائی بحران کے حوالے سے اہداف مکمل کئے گئے۔

ان اہداف کو مکمل کرنے میں ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہم نے ان کا مقابلہ کیا اور کامیابیاں حاصل کیں، آج بھی ہمیں چیلنجز درپیش ہیں لیکن ان چیلنجوں اور مسائل پر قابو پانے کے لئے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور اس ملک کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنائیں گے جہاں عوامی مسائل حل ہوں گے اور معیشت مضبوط ہوگی، مسائل بھی کم ہوں گے اور پھر فیصلہ عوام کے پاس ہے اور وہ اگست 2018ء میں اپنا فیصلہ کریں گے۔

وزیراعظم نے عوامی نمائندوں کی جانب سے 50 دیہات کو گیس کی فراہمی کے مطالبہ پر علاقہ کے تمام دیہات کو گیس کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری ذمہ داری ہے کہ سارے علاقے کے تمام گائوں میں گیس دی جائے۔ عوامی نمائندوں سے مشاورت کی جائے گی اور اس پورے علاقے کو گیس دی جائے گی کیونکہ یہ علاقے کے عوام کا حق ہے۔ حکومت اس ضمن میں تمام مطلوبہ فنڈز فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر اٹک پٹرولیم کے سابق چیئرمین اور سعودی کاروباری شخصیت غیث راشد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا بڑا کردار ہے، اس ملک کے لئے انہوں نے جو کچھ کیا وہ تاریخ کا حصہ رہے گا۔ اٹک آئل اور دیگر پلانٹ ان کی کوششوں کا معمولی حصہ ہیں، وہ آج ہم میں نہیں ہیں، ہم ان کے لئے بھی دعا کرتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ یہ سب کام الله تعالیٰ ان کے لئے صدقہ جاریہ کے طور پر رکھے۔ ان کی وفات سے چھ مہینے پہلے میری ان سے ملاقات ہوئی، کاروباری لوگ ہمیشہ منافع کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے مجھے کہا کہ بتائیں میں پاکستان میں کس جگہ سرمایہ کاری کر سکتا ہوں جہاں پاکستان کے عوام کو فائدہ ہو۔ تقریب سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی خطاب کیا۔