حلال فوڈ اتھارٹی نے سرٹیفکیٹ چیکنگ کا اختیار پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دیدیا

حلال فوڈ پراڈکٹس کے ضابطے ،چیکنگ کے حوالے سے افسران کی ٹریننگ کا آغاز کر دیا‘ نور الامین مینگل

جمعہ 13 اکتوبر 2017 18:23

حلال فوڈ اتھارٹی نے سرٹیفکیٹ چیکنگ کا اختیار پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دیدیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) حلال فوڈ اتھارٹی نے سرٹیفکیٹ چیکنگ کا اختیار پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی سیکرٹریٹ میں فوڈ سیفٹی افسران کے لئے حلال فوڈ آگاہی سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل، حلال فوڈ اتھارٹی کے چیئرمین جسٹس (ر) خلیل الرحمان، ایڈیشنل ڈائڑیکٹر جنرل ٹیکنیکل ڈاکٹر شاہ زین حسنین، ڈائڑیکٹر آپریشنز رافعیہ حیدر سمیت فوڈ سیفٹی افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل نے کہا کہ حلال فوڈ پراڈکٹس کے ضابطے اور چیکنگ کے حوالے سے افسران کی ٹریننگ کا آغاز کر دیا۔ فوڈ پراڈکٹس کو حلال قرار دینے کے ضابطوں اور طریقہ کار پر ٹریننگ دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی گوشت سمیت تمام اشیا کی حلال طریقے سے تیاری کی نگرانی کرے گی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام کو حلال فوڈ اور نان فوڈ پراڈکٹس کی فراہمی یقینی بنانے میں حلال فوڈ اتھارٹی کی مکمل معاونت فراہم کرے گی۔

نورالامین مینگل نے کہا کہ اشیا خورونوش کے ساتھ ساتھ ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے رنگ اور دیگر اشیا کے حلال ہونے کی چیکنگ کی جائے گی۔ غیر ملکی درآمد شدہ اشیا خورونوش کے حلال سرٹیفکیٹ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اشیا خورونوش کے علاوہ میک اپ اور دیگر درآمد ہونے والی پراڈکٹس کی چیکنگ بھی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :