صوابی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونیورسٹی آف صوابی کے درمیان مفاہمتی معاہدہ پر دستخط کئے گئے

جمعہ 13 اکتوبر 2017 18:19

صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) صوابی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونیورسٹی آف صوابی کے درمیان مفاہمتی معاہدہ پر دستخط کئے گئے،اس سلسلے میں یونیورسٹی آف صوابی کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے دورا ن صوابی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونیورسٹی آف صوابی کے درمیان مفاہمتی معاہدہ طے پایا گیاجس پر یونیورسٹی آف صوابی پروفیسر ڈاکٹر امتیاز علی اور صدر صوابی چیمبر محمد ظاہرشاہ نے دستخط کئے ، صوابی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ضلع صوابی کے تاجروں اور صنعتکاروں کی نمائندہ تنظیم ہے اورضلع صوابی میں صنعت و تجارت ، اقتصادی اور سماجی ترقی کے فروغ کے لئے کام کر رہا ہے،صوابی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرمحمد زاہد شاہ نے یونیورسٹی آف صوابی جوکہ ضلع صوابی میں تدریسی، تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے کی جانب سے منعقدہ لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب کے دوران مفاہمتی معاہدہ پر دستخط کئے، اس موقع پرصوابی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد اسرار بھی موجود تھے،معاہدہ کا مقصد دونو ں اداروں کے متعلقہ و مشترکہ اہداف ومقاصد کے حصول کیساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کی ترقی اورجدید ٹیکنالوجی کی صنعت ، تجارت کے فروغ میں استعمال کی کوشش کرتے ہوئے طلباء کی حوصلہ افزائی اور صنعت و تجارت اور مجموعی اقتصادی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے، صوابی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونیورسٹی آف صوابی کے عہدیداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ادارے باہمی مشاورت و تعاون سے مشترکہ مقاصد کے حصول کی کوشش کرینگے اوردونوں اداروں کے شخصی و اقتصادی وسائل سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے علاقے کے لوگوں کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے کام کرینگے،معاہدے کے ذریعے دونوں اداروں کی طرف سے مشترکہ طور پر باہمی تعاون سے تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ، تعلیمی اور صنعتی اداروں کے مابین مضبوط روابط کے لئے اقدامات، طلباء کی مناسب تکنیکی تربیت کی منصوبہ بندی ، بڑے پیمانے پر طلباء و محققین ، صنعتی و تجارتی کمیونٹی اور عوام کی فلاح و بہبود کی ترقی کے لئے سرگرمیوں کی منظم طریقے سے تکمیل، ضلع صوابی میں مقامی کمیونٹی کی ضروریات کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون، ضلع صوابی اور صوبہ خیبر پختونخواہ میںصنعت و تجارت میں جدت اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے کوشش ، باہمی حمایت ، تربیت، ورکشاپس کے انعقادکے ذریعے دونوں اداروں کو ہر لحاظ سے بہتر بنانے کی یقین دہانی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :