ایشیا کپ ہاکی کپ ، پاکستان اور جاپان کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو، دو گول سے برابر

پاکستان کی جانب سے ارسلان قادر اور عمر بھٹہ نے ایک ایک گول سکور کیا،پاکستان گروپ اے میں4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ، پاکستان اپنا تیسرا میچ (کل) روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا

جمعہ 13 اکتوبر 2017 17:46

ایشیا کپ ہاکی کپ ، پاکستان اور جاپان کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ..
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد2،2گول سے برابررہا ۔ پاکستان کی جانب سے ارسلان قادر اور عمر بھٹہ نے ایک ایک گول سکور کیا۔پاکستان گروپ اے میں4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، پاکستان اپنا تیسرا میچ (کل)اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ایشیاہاکی کپ میں پاکستان ہاکی ٹیم کا دوسرے میچ میں جاپان سے مقابلہ ہوا،دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہی تھیں، میچ شروع ہوا تو پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا اور ایک دوسرے پر حملے بھی کم کئے جس کی وجہ سے پہلے کوارٹر میں کوئی گول اسکور نہ ہوسکا۔دوسرا کوارٹر شروع ہوا تو پاکستان نے جارحانہ انداز اپنایا اور آغاز میں ہی ملنے والے پنالٹی کارنر کو ارسلان قادر نے گول میں تبدیل کردیا، جس کا جواب جاپان نے بھر پور انداز میں دیا لگاتار دو گول کرکے نہ صرف برتری کا خاتمہ کیا بلکہ ایک گول کی سبقت بھی حاصل کرلی، یہ تینوں گول دوسرے کوارٹر میں ہوئے۔

(جاری ہے)

تیسرا کوارٹربھی پہلے کوارٹر جیسا رہا دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔ جاپان نے اس کوارٹر میں اچھے مومنٹ بنائے جو پاکستانی گول کیپرز نے ناکام بنادیے پاکستان ٹیم برتری ختم نہ کرسکی کھیل کے پچاسویں منٹ میں پاکستان نے جاپان کے گول پوسٹ پر زبردست حملہ کیا جس کو عمر بھٹہ نے گیند جال میں پھینک کر کامیاب بنایا اور یوں برتری کا خاتمہ کرکے مقابلہ دو دو گول سے برابر کردیا اور اسی اسکور پر میچ کا مقررہ وقت ختم ہوگیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔پاکستان گروپ اے میں چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، پاکستان ٹیم اب تک دو میچز میں نو گول کرچکی ہے جبکہ اس کے خلاف صرف دو گول ہوئے، پاکستان اپنا تیسرا میچ اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔