امریکی صدر نے امریکی خاتون ان کے خاندان کی بازیابی کو پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے حوالہ سے مثبت پیش رفت قرار دیا

جمعہ 13 اکتوبر 2017 17:21

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی خاتون کیٹلن کولمین اور ان کے خاندان کی بازیابی کو پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے حوالہ سے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔بازیاب کرائے جانے والی امریکی خاتون کیٹلن کولمین اور ان کے شوہر کینیڈا کے جوشوا بوائل کو دہشت گردوں نے 2012 ء میں افغانستان سے اغوا کیا تھا۔

اغوا کاروں کی قید کے دوران ان کے ہاں تین بچے بھی پیدا ہوئے جن کو اپنے والدین کے ساتھ ہی بازیاب کرایا گیا ہے۔وائٹ ہائوس سے جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی اور پاکستانی حکومتوں کے قریبی تعاون کے نتیجہ میں ہی مغویوں کی رہائی ممکن ہوئی ہے۔درایں اثناء امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی ایک بیان میں مغوی خاندان کی بحفاظت بازیابی پر پاکستان کی حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستانی اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے سمیت تمام شعبوں میں تعلقات مستحکم ہوں گے۔ وائٹ ہائوس کے چیف آف سٹاف جنرل (ر) جان کیلی نے ایک پریس بریفنگ کے دوران مذکورہ خاندان کی بازیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی اس حوالے سے امریکا کے عظیم شراکت دار ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بازیاب کرائے جانے والے خاندان نے اپنی زندگی کے گذشتہ پانچ سال حقیقتاً ایک بل میں گذارے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ خاندان کی امریکا یا کینیڈا منتقلی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔