دسواں ایشیا کپ ہاکی، پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ 2-2 گولز سے برابر، ارسلان قادر اور عمر بھٹہ نے ایک، ایک گول کیا

جمعہ 13 اکتوبر 2017 16:20

ڈھاکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) دسویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ 2-2 گولز سے برابر رہا، گرین شرٹس کی جانب سے محمد ارسلان قادر اور محمد عمر بھٹہ نے ایک، ایک گول کیا۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش میں جاری ایونٹ میں جمعہ کو کھیلے گئے گروپ اے کے پہلے میچ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ دلچسپ مقابلے کے بعد 2-2 گولز سے برابری پر ختم ہوا، دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کرنے کیلئے آخر دم تک ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی، جاپان کو پہلے ہاف میں گرین شرٹس کے خلاف 2-1 گولز کی برتری حاصل تھی تاہم پاکستان نے دوسرے ہاف میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا، میچ کے 16ویں منٹ میں پاکستان کے ارسلان قادر نے گول کر کے ٹیم کو جاپان کے خلاف 1-0 گول کی برتری دلائی لیکن اس کے بعد جاپان نے 22 ویں اور 29ویں منٹس میں گولز کر کے مقابلہ 2-1 گولز کر دیا جو پہلے ہاف تک برقرار رہا، دوسرے ہاف کے 50 ویں منٹ میں پاکستان کے عمر بھٹہ نے گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا اور جاپان کی جیت کی امیدیں دھری کی دھری رہ گئیں۔

پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا اور آخری میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

متعلقہ عنوان :