نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے نے پاکستان کی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری

جمعہ 13 اکتوبر 2017 16:57

نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے نے پاکستان کی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ معیشت کے بارے میں پریشان ہونے والوں کو جاننا چاہیئے کہ معیشت کی تباہی محمد نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کی وجہ سے ہوئی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سابق صدر پرویز مشرف قانون پر عمل درآمد نہ کرنے کی سوچ کا نام ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعمہ کو احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔طلال چوہدری نے کہا کہ جو قانون کی پاسداری کرنا چاہتے ہیں وہ عملا کر کے دکھاتے ہیں، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے تحفظات اور وزیر اعظم کے طور پر استثنا کے باوجود نہ صرف سپریم کورٹ میں بلکہ بے شمار تحفظات ہونے کے باوجود اور یہ جاننے کے باوجود کہ جے آئی ٹی انصاف نہیں کرے گی، قانون کی پاسداری کے لئے جے آئی ٹی میں پیش ہوتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پرویز مشرف یہ جوڑی ایک سوچ کا نام ہے اور یہ قانون کی حکمرانی کی بات کرتے ہیں اور خود عملدرآمد نہیں کرتے انہیں دہشت گردی کی عدالت بلائے یا الیکشن کمیشن بلائے تو جانے کو تیار نہیں اگر سول کورٹ بلائے تو کہتے ہیں کہ چھوٹی عدالت میں جانا ان کی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہونا چاہیئے ۔وزیر مملکت نے کہا کہ آج کل معیشت کی بات ہو رہی ہے، وہ معیشت جو محمد نواز شریف کی وجہ سے ابھر رہی تھی محمد نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے نے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچایا، یہ فیصلہ کہاں سے ہوا کس نے کرایا، یہ اہم بات ہے، اس کو غور سے دیکھنا چاہئے اس کے پیچھے کیا مضمرات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج معیشت کے بارے میں پریشان ہونے والوں کو جاننا چاہئے اور پہلے یہ بحث ہونی چاہیئے کہ سابق صدر پرویز مشرف اور اس کے وزیر اعظم شوکت عزیز نے پاکستان میں معیشت اور توانائی کا مسئلہ پیدا کیا، پہلے اس پر بحث ہونی چاہیئے اور قومی مجرم کو سزا دی جائے اور یہ دیکھا جائے کہ محمد نواز شریف کو ہٹا کر نقصان کس کا ہوا ہے پاکستا ن اور پاکستان کی معیشت کا نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ فیصلہ کرنے کے بعد پچھتاتے ہیں اور اب نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے بعد بھی پچھتا رہے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ ہم اپنی قانونی جنگ لڑیں گے اور ہم نے قوم کو پہلے ہی بتایا تھا کہ نقصان پاکستان کا ہو گا محمد نواز شریف کا نہیں ہوگا۔