میرپور کے حقوق کا دفاع کرینگے‘میرپور کے سرکاری اداروں میںنوکری اہل میرپور کے پڑھے لکھے نوجوانوں کا حق ہے

سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف کی بات چیت

جمعہ 13 اکتوبر 2017 16:54

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف نے کہا ہے کہ میرپور کے حقوق کا دفاع کرئینگے۔میرپور کے سرکاری اداروں میںنوکری اہل میرپور کے پڑھے لکھے نوجوانوں کا حق ہے۔ضلع میرپور سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر ہے پوری دنیا میں بسنے والے کشمیریوں میں سب سے زیادہ تعداد ڈویژن میرپور کے لوگوں کی ہے جنہوں نے اپنے روز گار کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے ۔

پاکستان سمیت آزاد کشمیر میں کوئی بھی قدرتی آفات آئیں تو میرپور کے لوگ سب سے پہلے خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کرامدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور مالی مدد بھی کرتے ہیں۔ میرپور کے لوگوں نے اپنے گھر بار ،کلچر ،ثقافت کی قربانی دی ۔

(جاری ہے)

کون ہے جو اپنے گھر بار اور آبائو اجداد کی قبروں کو پانی میں ڈوبنے دیتا ہے یہ جذبہ صرف میرپور کے لوگوں میں موجود ہے جنہوں نے پاکستان کو روشن اور خوشحال رکھنے کے لیے اتنی بڑی قربانی دی۔

ہم نے کبھی علاقائی اور برادری ازم کی سیاست نہیں بلکہ عوامی حقوق کی بات کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری محمد اشرف نے کہا کہ اہلیان میرپور کی قربانیاں لازوال ہیں شہریوں کے حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔حکومت ہوش کے ناخن لے اور میرپور کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرئے۔