کاشتکاروں کو ربیع کیلئے قرضوں کی فراہمی 31 دسمبر تک جاری رہے گی،ترجمان پراونشل کوآپریٹو بینک

جمعہ 13 اکتوبر 2017 16:38

فیصل آباد۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء)پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کے ذریعے کاشتکاروں کو فصلات ربیع کیلئے قرضوں کی فراہمی 31 دسمبر تک جاری رہے گی جبکہ اس ضمن میں اڑھائی ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی کاہدف پوراکرنے کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں نیز کاشتکاروں کو پیداواری قرضہ جات کے علاوہ سونے پر گولڈ لون اور لائیو سٹاک سکیم کے تحت بھی قرضوں کا اجراء کیا جارہا ہے۔

پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایاکہ امداد باہمی کی تنظیموں ، ان کے ممبران و چھوٹے کاشتکاروں کو فصلات خریف کی طرح فصلات ربیع کیلئے بھی قرضے جاری کئے جارہے ہیں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ رقبہ پر فصلات کاشت کرکے ملک میں سرسبز زرعی انقلاب لانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کی کوآپریٹو سوسائٹیز اور کاشتکاروں کو ترجیحی بنیادوں پر فصلات ربیع کی کاشت کیلئے پیداواری قرضہ جات فراہم کرنے کاحکم دیا گیاہے۔

انہوں نے کہاکہ جہاں حکومت زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے وہیں دودھ و گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیلئے لائیو سٹاک سیکٹر کو بھی مطلوبہ قرضے جاری کئے جارہے ہیں تاکہ کاشتکار او مویشی پال حضرات زیادہ سے زیادہ مویشی پال کر دودھ و گوشت کی پیداوار بڑھا سکیں۔ انہوںنے بتایاکہ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک میں کھاتہ داروں کو تمام کمرشل بینکوں کے برابر اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور جدید بینکنگ کے تقاضوں کے پیش نظر مختلف برانچز میں آٹومیشن کاعمل بھی مکمل کرلیاگیاہے۔

انہوںنے بتایاکہ پنجاب بھر میں بینک کی تمام برانچز کے منیجرز اور دیگر حکام سے کہاگیاہے کہ وہ قرضوں کی فراہمی کے ضمن میں کسی غفلت یاکوتاہی کامظاہرہ نہ کریں بصورت دیگر ان کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔