آزادکشمیر میں سرینگر مظفرآباد تجارت کی آڑ میں کشمیریوں کو اسمگلنگ میں ملوث کرکے پھنسایا جارہا ہے ‘ ا سلام آباد سے چکوٹھی ٹریڈ سنٹر تک درجنوں پولیس چوکیوں کو کراس کرکے چکوٹھی پہنچنے والی گاڑی میں کیسے منشیات برآمد ہوسکتی ہے

مرکزی وائس چیئرمین جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ خواجہ سیف الدین کی بات چیت

جمعہ 13 اکتوبر 2017 16:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) مرکزی وائس چیئرمین جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ خواجہ سیف الدین نے کہا کہ آزادکشمیر میں سرینگر مظفرآباد تجارت کی آڑ میں کشمیریوں کو اسمگلنگ میں ملوث کرکے پھنسایا جارہا ہے ، ا سلام آباد سے چکوٹھی ٹریڈ سنٹر تک درجنوں پولیس چوکیوں کو کراس کرکے چکوٹھی پہنچنے والی گاڑی میں کیسے منشیات برآمد ہوسکتی ہے ، حکومت پاکستان اور بھارت کی حکومت تین ڈرائیوروں سمیت بے گناہ 23مزدوروں کو فوری طور پر رہا کرکے انسانی حقوق کی پامالی کو بحال کرے ا و ر اصل اسمگلروں اور اُن کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے کیلئے فور ی طور پر نوٹس لیا جائے تاکہ کالی بھیڑیاں منظر ِ عام پر آسکیں ،جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے ٹریڈ کی اُس وقت بھی مخالف کی تھی اور آج بھی مخالفت کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اِن خیالات کا اظہار بھارت میں قید ڈرائیوروں سمیت 23مزدوروں کے ورثاء سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ ہمیشہ اپنے موقف پر قائم رہی ہے جبکہ جس وقت یہ ٹریڈ شروع کی گئی تھی اُس وقت بھی سرینگر چکوٹھی ٹریڈ کی مخالفت کی مگر بعض قوتوں نے نظر اندا زکرکے اِس سلسلہ کو جاری رکھا ۔

اُنہوں نے کہا کہ منشیات فروش پاکستان اور آزادکشمیر کی ساکھ کو خراب کرنے کیلئے منظم طریقہ سے اسمگلنگ کا سلسلہ جاری کررکھا ہے جو کہ افسوس ناک ہے ! دیگر ادارے فوری طور پر اصل اسمگلروں کو منظر ِ عام پر لاکر بے گناہ کشمیریوں کو رہا کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ ٹریڈ کی آڑ میں ہی اسمگلر گروپ خود تو کروڑوں پتی بن گئے ہیں جبکہ مزدوروں اور ڈرائیوروں کو قربانی کا بکرہ بنارہے ہیں ۔

اُنہوں نے کہاکہ بھارت مظلوم مزدوروں اور ڈرائیوروں کو فوری طور رہا کرے جبکہ اِس موضوع پر پاکستانی حکومت بھی پرزور مذمت کرے۔اُنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرینگر مظفرآباد تجارتی ٹریڈ سنٹر کے خلاف باریکی سے تحقیقات کے احکامات جاری کریں جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتی ٹریڈ سنٹر کو فوری طور پر بند کیا جائے ، بصورت دیگر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ آزادکشمیر بھر میں احتجاجی تحریک چلائے گی ۔