حکومت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو ضابطے کا ر کا پابند بنائے‘ راجہ عاطف

جمعہ 13 اکتوبر 2017 16:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) مظفرآباد سپر مارکیٹ گیلانی چوک کے سیکرٹری جنرل راجہ عاطف نے کہا ہے کہ حکومت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا ضابطے کا ر کا پابند بنایا جائے ۔آئے روز فیسوں میں اضافے نے غریب والدین کی چیخیں نکا ل کر رکھ دی ہیں لوگ اپنے معصوم بچوں کو تعلیم سے ہٹا کر کام کاج کی طرف راغب کرنے لگے ہیں ۔

اگر پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا قبلہ درست نہ کیا گیا تو وہ وقت دور نہیں جب جہالت کا اندھیرا ریاست کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا ۔

(جاری ہے)

راجہ عاطف کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے باقاعدہ چمڑی اتارنے کا کاروبار شروع کر رکھا ہے اور انتظامیہ نے انکی سرپرستی جبکہ حکومت نے آنکھیں اور کان بند کر لیے ہیں ۔دوسری طر ف سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی گرتی ہوئی شرح لمحہ فکریہ بن چکی ہے ۔خود سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ بھاری بھر کم تنخواہ لیکر اپنے بچوں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں جبکہ غریب کا بچہ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبو ر ہے ارباب اختیار ان حالات کا نوٹس لیں ۔