درآمدی اشیاء پر ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ مہنگائی اور سمگلنگ کو پروموٹ کرے گا‘ پیاف

بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے پیداواری لاگت کم ہو تاکہ ملکی برآمدات بڑھیں اور تجارتی خسارہ کم ہو‘عرفان اقبال شیخ ، تنویر احمد صوفی ، خواجہ شاہزیب اکرم

جمعہ 13 اکتوبر 2017 16:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے 297 درآمدی اشیاء پر15فیصد تک ڈیوٹی بڑھانے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ اقدام مہنگائی اور سمگلنگ کو پروموٹ کرے گا۔امپورٹس کی حوصلہ شکنی ایک درست قدم ہے مگر اسکو کم کرنے کے اور بھی بہت سے طریقے ہیں ،ڈیوٹی بڑھنے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا،کاروبار مخالف اقدامات کرنے کی بجائے حکومت کو گرتی ہوئے برآمدات سے نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں پر حکمت عملی ترتیب دینی چاہیے، ریگولیٹری ڈیوٹی لگنے سے روزمرہ گھریلواستعمال کی بیشتر اشیاء میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا اور تاجر برادری کے ساتھ عوام بھی متاثر ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار چیئر مین پیاف عرفان اقبال شیخ ،سینئر وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی اوروائس چیئرمین خواجہ شاہزیب اکرم نے ٹریڈرزایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ملکی امپورٹس مختلف ڈیوٹیز کے باعث پہلے ہے مہنگی ہیں، حالیہ اقدام سے اور زیادہ مہنگی ہو جائیں گی اور غیر قانونی طریقے سے درآمدات بڑھ جائیں گی جنکا ملکی معیشت پر حصہ نہیں ہو گا اور حکومت کا ریونیو بھی گھٹ جائے گا۔

درآمدی بل میں اضافے کی سزا عوام کو دینا کسی طور پر مناسب نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے صنعتوں میں پیداواری لاگت کو کم ہو تاکہ ملکی برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات مخصوص مصنوعات اور مخصوص ممالک تک محدود ہیں جن کی وجہ سے ہم برآمدات بڑھانے کا خواب پورا نہیں کرپائی. پچھلے تین سالوں میں ملکی برآمدات کم ہو کر 25 سے 19 ارب ڈالر ہو گئی ہیں جبکہ اسی پریڈ اور انہی حالات میں بنگلہ دیش کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔

ترقی یافتہ ممالک ریسرچ کرکے نئے ذرائع تلاش جبکہ ہم خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ پیاف کے عہدیداران نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام معاشی امور پر بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لیں کیونکہ تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور معاشی بہتری کے لیے زیادہ بہتر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تجارتی پالیسی میں برآمدات میں اضافہ کیلئے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے اس رقم کا استعمال کیا جائے اور بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش کے ساتھ ساتھ پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے انتظاما ت کیے جائیں تاکہ پاکستانی اشیاء کی بیرون ملک برآمدات میں اضافہ ممکن ہوسکے ۔

بار بار کے وعدوں کے باوجود ریفنڈز کی عدم ادائیگی نے برآمدگان کی کمر توڑ دی ہے جس سے ایکسپورٹ سیکٹر متاثر ہورہا ہے ۔ریفنڈز کی جلد ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایکسپورٹر دلچسپی سے برآمدات میں اضافہ کیلئے کوششیں کرسکیں۔انہوںنے کہا کہ مہنگی بجلی بھی ملکی برآمدات میں کمی کا باعث ہے اس لیے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :