ملک میں پولیو وائرس زوال پذیر ہے، بروقت و موثر اقدامات اورنگرانی کے سخت نظام کی بدولت پولیو کیسز میں قابل ذکر کمی آئی ہے،حکام انسداد پولیو پروگرام

جمعہ 13 اکتوبر 2017 15:36

ملک میں پولیو وائرس زوال پذیر ہے، بروقت و موثر اقدامات اورنگرانی کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے پولیو پروگرام کے تحت بروقت و موثر اقدامات اورنگرانی کے سخت نظام کی بدولت پولیو کیسز میں قابل ذکر کمی آئی ہے۔ پاکستان نے پولیو کے خاتمے میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں کیونکہ اس سال کے دوران پولیو کے صرف 5 کیسز سامنے آئے ہیں جن کی تعداد گزشتہ سال آٹھ تھی۔

پولیو کے خاتمے کیلئے قومی ہنگامی لائحہ عمل نے اس مہلک مرض کے خاتمے کے لئے ہر بچے تک پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے نگرانی کانظام قائم کیا ہیجس کا اعتراف متعلقہ عالمی نگران ادارے نے بھی کیا ہے۔ جمعہ کوانسداد پولیو پروگرام کے حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پروگرام نے گذشتہ 18 ماہ میں اس پروگرام کی مینجمنٹ کی بہتر کارکردگی، موثراحتسابی نظام اور ڈھانچہ جاتی سہولیات کے ساتھ ساتھ عملہ کی کارکردگی کی مکمل جانچ پڑتال کیلئے بڑے پیمانے پراقدامات اٹھائے گئے۔

(جاری ہے)

پولیو بارے قومی ایکشن پلان میں بیان کردہ اہم ترین حکمت عملی کا مقصد آبی ذخیروں سے وائرس کا سرے سے خاتمہ کرنا اور ملک بھر میں نکاسی آب کے ذخیروں میں وائرس کا پتہ چلانا اور وائرس کے خلاف قوت مدافعت برقرار رکھنا ہے جس کیلئے بڑے پیمانے پر کام کیا گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ پولیو مہموں کے نتائج اور تیزی سے ہونے والی پیشرفت سے مطمئن ہیں تاہم تسلیم کرتے ہیں کہ پولیو کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہو سکا لیکن ان اقدامات سے پولیو کے قطروں تک رسائی نہ رکھنے والے بچوں کی تعداد میں اب خاطر خواہ حد تک کمی آئی ہے اور سیکورٹی فورسز نے ایسا محفوظ ماحول فراہم کیا ہے جس میں پولیو کی تمام ٹیموں نے محفوظ طریقے سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ہیں اس طرح پولیو کے قطرے پلانے والے ویکسینیٹرز اور قطرے پینے والے بچوں میں تعاون سے پولیو مہمیں کامیاب رہی ہیں اور بار بار قطرے پلانے سے کارکردگی بھی مستحکم ہوئی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ مقامی خواتین ، عملہ اور سپروائزر کے معاوضوں، تربیت اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سے پُرعزم ورک فورس نے بڑا اچھا کردار ادا کیا ہے۔ ہمارا پروگرام مزید مضبوط ہوا ہے اور ماضی کی نسبت حالیہ برسوں میں کئی اہم جدتیں لائی گئی ہیں اور پولیو قطرے پلانے کی مہموں کا معیار انتہائی بہتر رہا۔ان اقدامات کے نتیجے میں ملک میں پولیو وائرس کے کیسوں میں مسلسل کمی آرہی ہے اوراس ضمن میں ماحولیاتی نگرانی سے ایسے اعداد وشمار کی عکاسی ہوتی ہے جن سے پتہ چلتا ہے کہ اب پولیو وائرس زوال پذیر ہے۔

متعلقہ عنوان :