اوباما کیئر کی جگہ اب محدود سہولتوں کی حامل،بیئر بون ہیلتھ انشورنس

چھوٹے کاروبار مشترکہ طور پر اپنے ملازمین کیلئے نسبتاً سستی ہیلتھ کیئر خرید سکیں گے، ٹرمپ نے دستخط کردیئے

جمعہ 13 اکتوبر 2017 15:16

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے خصوصی صدارتی اختیارات کے استعمال سے ’اوباما کیئر‘ کو نظرانداز کرتے ہوئے لوگوں کو ’بیئر بون ہیلتھ کیئر‘ کے انتخاب کی ترغیب دی ہے۔ اس سے قبل، کانگریس میں اٴْن کی رپبلکن پارٹی کے اراکین نے 2010 میں نافذ ہونے والے اوباما کیئر کے قانون کو منسوخ کرنے سے اجتناب کیا تھا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس سلسلے میں ایک صدارتی حکم نامے پر دستخط کر دئے جس کے تحت چھوٹے کاروبار مشترکہ طور پر اپنے ملازمین کیلئے نسبتاً سستی ہیلتھ کیئر خرید سکیں گے، جس میں حاصل ہونے والے فوائد بھی محدود ہوں گے۔صدر ٹرمپ نے اس سال جنوری میں صدارتی منصب سنبھالتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سابق صدر براک اوباما کی طرف سے متعارف کرایا جانے والا اوباما کیئر منسوخ کر دیں گی؛ اور اٴْنہوں نے متعدد بار کانگریس سے اسے منسوخ کرانے کی کوشش بھی کی، لیکن اٴْس میں کامیاب نہ ہو پائے۔

(جاری ہے)

اٴْن کا آج کا یہ اقدام اس سلسلے میں اب تک سب سے ٹھوس اقدام ہے۔سینیٹ میں ڈیوکریٹک لیڈر چک شیومر نے صدر ٹرمپ پر الزام لگایا کہ اٴْنہوں نے کانگریس سے اسے منسوخ کرانے میں ناکامی کے بعد، اپنے اس اقدام سے ہیلتھ کیئر کا نظام تباہ کر دیا ہے۔امریکی ایوانِ نمائندگان نے مئی میں رپبلکن پارٹی کی طرف سے اوباما کیئر کی منسوخی کا بل منظور کر لیا تھا۔

لیکن، سینیٹ سے جولائی اور پھر ستمبر میں اسے پاس کرانے کی کوششیں ناکام ثابت ہوئی تھیں۔ سینیٹرز کا خیال تھا کہ اوباما کیئر کی منسوخی سے لاکھوں کروڑوں امریکی ہیلتھ کیئر سے محروم ہو جائیں گے۔اوباما کیئر کے ذریعے دو کروڑ لوگوں کو صحت کے بیمے کی سہولتیں حاصل ہوئیں۔ٹرمپ کے حکمنامے سے اوباما کیئر کی حیثیت کمزور پڑ جائے گی اور لوگوں کو صحت کی دیکھ بھال کے ایسے منصوبوں تک رسائی حاصل ہوگی جن میں زچگی اور نوزائدہ بچوں کی دیکھ بھال، ایسی دوائیں جن کیلئے ڈاکٹر کا نسخہ لازمی ہو، دماغی امراض کا علاج اور نشے کی عادت ختم کرنے کا علاج جیسی سہولتیں شامل نہ ہوں۔

اوباما کیئر میں، جو عرف عام میں ’افورڈیبل کیئر ایکٹ‘ کہلاتا تھا، یہ تمام سہولتیں شامل تھیں۔ماہرین اس بات پر شبہے کا اظہار کر رہے ہیں کہ کیا ’ایسوئیشن ہیلتھ کیئر‘ کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں صدر ٹرمپ کو قانونی اختیار حاصل ہے یا نہیں۔ اس بات کا امکان ہے کہ جن ریاستوں میں ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت ہے وہاں کے اٹارنی جنرل کی طرف سے صدر ٹرمپ کو قانونی چیلنجوں کا سامنا ہوگا، کیونکہ اٴْنہوں نے کہہ رکھا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ نے اوباما کیئر کو تباہ کیا تو وہ اٴْن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔