یمن میں عرب اتحاد کے فضائی حملے ، حوثیوں کی میزائل لانچر تنصیب تباہ

اتحادی لڑاکا طیاروں نے فضائی حملے میں متعدد فوجی گاڑیاں اوراسلحہ کا ڈپو بھی تباہ کردیا

جمعہ 13 اکتوبر 2017 15:16

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں فضائی حملے میں حوثی شیعہ باغیوں کی میزائل داغنے کی ایک تنصیب تباہ کرنے کی اطلاع دی ہے۔اس جگہ سے سعودی عرب کی جانب میزائل داغے جارہے تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عرب اتحاد کے ایک بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے نے اسی ماہ سعودی عرب کے ساتھ یمن کے سرحدی علاقوں میں حوثیوں اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار ملیشیا کے ٹھکانوں کا سراغ لگایا تھا جہاں سے وہ گاہے گاہے سعودی عرب کی جانب میزائل چلاتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان ہی میں سے الحدیدہ میں واقع ایک تنصیب کو بمباری کرکے تباہ کردیا گیا ہے۔عرب اتحاد نے یہ بھی اطلاع دی کہ اس کے لڑاکا طیارینے فضائی حملے میں متعدد فوجی گاڑیاں بھی تباہ کردی ہیں۔ان گاڑیوں پر حوثی جنگجو سوار تھے ۔ وہ سعودی سرحد کی جانب جارہے تھے اور وہاں بارودی سرنگیں بچھانا چاہتے تھے۔عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے جنوبی صوبے شبوہ کے مغرب میں واقع ضلع بیہان میں بھی حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ لڑاکا طیاروں نے وہاں ان کی فوجی کمک کو نشانہ بنایا ہے اور اسلحہ کے ایک ڈپو اور ان کی لشکر گاہوں کو تباہ کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :