امریکی وزیر دفاع نے پاکستان سے غیر ملکی مغوی جوڑے کی رہائی کو مثبت اقدام قرار دیدیا

مغویوں کی بازیابی کے بعد مستقبل میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کیلئے پرامیدہیں،پاکستان کی فوج نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی، اس سے اچھے مستقبل کی نوید ملتی ہے، جیمز میٹس

جمعہ 13 اکتوبر 2017 15:08

امریکی وزیر دفاع نے پاکستان سے غیر ملکی مغوی جوڑے کی رہائی کو مثبت اقدام ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے پاکستان سے غیر ملکی مغوی جوڑے کی رہائی کو مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے مستقبل میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی امید ظاہر کی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے اس بازیابی کے بارے میں کہا کہ یہ بہت ہی مثبت اقدام ہے اور پاکستان کی فوج نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے اچھے مستقبل کی نوید ملتی ہے۔امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ مل کر شراکت داری سے دہشت گردی اور اغوا کے خاتمے کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان میں مغویوں کی رہائی کیسے ہوئی جیمز میٹس نے اس کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جوشوا بوئل نے امریکی فوجی جہاز پر سوار ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

جوشوا کے والد نے بتایا کہ'افغانستان میں امریکی اڈے بگرام سے وہ عسکری جہاز میں سوار نہیں ہونا چاہتے تھے چنانچہ انھوں نے پوچھا کہ کیا انھیں پاکستان میں اسلام آباد میں واقع کینیڈین ہائی کمیشن پہنچایا جا سکتا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ممکنہ طور پر وہ اپنی پہلی بیوی کے بارے میں فکرمند تھے جو گوانتانامو بے جیل کے ایک قیدی کی بہن ہیں۔

پاکستانی فوج نے قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے علاقے میں ایک کارروائی کے دوران پانچ غیر ملکی مغویوں کو بازیاب کروایا ہے، جن میں کینیڈین شہری جوشوا بوئل،ان کی امریکی بیوی کیٹلن کولمین اور تین بچے شامل ہیں۔ان افراد کو 2012 میں افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا۔رہائی پانے والے جوشوا بوئل نے اپنے والدین سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے اغوا کاروں کی جانب سے آخری الفاظ یہ سنے تھے کہ 'مغویوں کو مار دو۔پاک فوج کے مطابق امریکی حکام نے 11 اکتوبر کو پاکستان کو خفیہ اطلاع دی تھی کہ ان مغویوں کو کرم ایجنسی کی سرحد کے ذریعے پاکستان منتقل کیا جا رہا ہے جس کے بعد کرم ایجنسی میں آپریشن کر کے انھیں بازیاب کروا لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :