استورکی ترقی مسلم لیگ (ن)کامشن ہے،حافظ حفیظ الرحمن

جمعہ 13 اکتوبر 2017 15:01

استورکی ترقی مسلم لیگ (ن)کامشن ہے،حافظ حفیظ الرحمن
استور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے استور ویلی روڈ کی تعمیرکا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ استور ویلی روڈ کو جدید طرز پر تعمیر کریں گے پہلی مرتبہ صوبے کے شاہراہوں کو مشین کے ذریعے بنایا جائے گا تمام میگا منصوبوں کو اپنے دور حکومت میں مکمل کریں گے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ہماری ترجیح روڈ انفراسٹرکچر اور صوبے کی ترقی ہے صوبائی حکومت کے پاس مالی وسائل کی کمی نہیں ہے۔ اس موقع پر وزیر نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ آفیسران کوہدایت کی ہے کہ فوری طور پر ایک کمیٹی تشکیل دیں جو استور ویلی روڈ کی تعمیر میں عوام کے تعاون کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ حکومت نے تمام اداروں میں میرٹ کو یقینی بنایا ہے ہم پنجاب حکومت کی طرز پر کام کررہے ہیں۔

2020ء تک استور ویلی روڈ کے فیزIاورIIکو مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ تعمیرات کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ استور ویلی روڈ کے فیزIIکی کاغذی کارروائی جلد از جلد مکمل کرکے متعلقہ فورم کو منظوری کیلئے پیش کی جائے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے استور داچیل نالہ میں ایفاد پروجیکٹ کے تحت جاری منصوبے کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر کہا ہے کہ داچیل نالے کی تعمیرسے ڈھائی ہزار ایکڑ زمین کو قابل کاشت بنایاجائے گا اور مارکیٹ تک رسائی کیلئے روڈ تعمیر کیا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ خودانحصاری ہماری حکومت کا مشن ہے زرعی شعبے میں خودانحصاری حاصل کرنے کیلئے ایفاد پروجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت گلگت بلتستان میں بنجر زمینوں کو آباد کیا جارہاہے، ایفاد پروجیکٹ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان کیلئے خصوصی تحفہ دیا ہے ،13ارب کا میگا پروجیکٹ جس سے گلگت بلتستان میں زرعی شعبے میں انقلاب آئے گا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے استور راما میں واٹر سپلائی سکیم کاافتتاح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے استور کے عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مختصر مدت میں واٹر سپلائی سکیم مکمل کیا ہے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔حافظ حفیظ الرحمن نے استور امن کمیٹی کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ استور کے عوام نے باہمی تعاون سے علاقے کو پرامن رکھا ہی3 سال قبل گلگت بلتستان کے مختلف علاقے نوگو ایریاز بننے ہوئے تھے بے گناہ لوگوں کو خون سڑکوں پر بہایا جاتا تھا مسلم لیگ ن نے امن کے اس مشن کو آگے بڑھایا صوبے اور وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے قیام کے بعد آج گلگت بلتستان امن کا گہوارہ بن چکا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ پولیس کو ایک ارب کے جدید آلات فراہم کئے ہیںجس کی وجہ سے 15لاکھ سے زیادہ سیاح گلگت بلتستان آئے ہیں۔ سابقہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے استور کو نظرانداز رکھا گیا ہماری حکومت نے استور کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ 2ارب کے منصوبے استور میں شروع کئے جاچکے ہیںہم زبانی اعلانات پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔

استور ویلی روڈ کا افتتاح اس بات کا عملی نمونہ ہے۔ ہسپتالوں کی حالت بہتر بنائی جارہی ہے استور کے تمام شاہراہوں کو جدید طرز پر تعمیر کریں گے۔ وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس سکیم کا اجراء بہت جلد استور میں کیا جائے گا۔حکومت کے انقلابی اقدامات کی وجہ سے صوبے کے ہسپتالوں میں بہتری آئی ہے۔