رواں سال دوران حج حرمین شریفین میں 3 لاکھ 19 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کا علاج و معالجہ کیا گیا،

حجاج محافظ فنڈ سے فوت ہونے والے عازمین حج کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے کی ادائیگی کی جائے گی، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب

جمعہ 13 اکتوبر 2017 14:55

رواں سال دوران حج حرمین شریفین میں 3 لاکھ 19 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) رواں سال کے دوران حج میڈیکل مشن کی جانب سے حرمین شریفین میں 3لاکھ 19ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ذرائع کے مطابق رواں سال حج کے موقع پر 1448 پاکستانی معاونین حج کی خدمات حاصل کی گئی تھیں جبکہ اس کے علاوہ سعودی ایئرپورٹس ، رہائش گاہوں ، ہسپتالوں اور دیگر مقامات پر پاکستانی عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی کے لئے 1355مقامی معاونین کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔

ذرائع نے بتایاکہ وزارت کی مانیٹرنگ ٹیموں نے حج گروپ آرگنائزر سے پرائیویٹ سکیم کے تحت عازمین حج کے 50ملین روپے بھی واگزار کرائے ہیں۔ اسی طرح ٹرین کی سہولت استعمال نہ کرنے والے 60ہزار سے زائد عازمین حج کو فی کس 250ریال کی واپسی بھی ہوئی ہے جبکہ مدینہ منورہ میں رہائش گاہ دور ہونے کے باعث 6ہزار سے زائد حجاج کرام کو300ریال فی کس کے حساب سے ادائیگی کی گئی۔

(جاری ہے)

حج کے دوران لاپتہ 379 عازمین حج کی نشاندہی کی گئی جبکہ گم ہونے والے 1225 بیگز کی واپسی کی گئی ۔ ذرائع نے بتایاکہ حج کے دوران سرکاری سکیم کے تحت جانے والے 104 اور پرائیویٹ سکیم کے تحت 40 عازمین حج انتقال کرگئے،فوت ہونے والے عازمین کو جنت البقیع میں سپرد خاک کیا گیا۔وزارت نے کہا کہ حجاج محافظ فنڈ سے فوت ہونے والے عازمین حج کے اہل خانہ کو 5لاکھ روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :