بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں مسلح اہلکاروں نے 4 افراد کو ہلاک اور 4 کو زخمی کرنے والی شیرنی کی تلاش شروع کردی

جمعہ 13 اکتوبر 2017 14:55

براہم پوری ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے علاقہ براہم پوری میں پارک رینجرز کے مسلح اہلکاروں نے 4 افراد کو ہلاک اور 4 کو زخمی کرنے والی شیرنی کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ ایک مقامی عدالت نے اس شیرنی کو ہلاک کرنے کا حکم بھی جاری کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پنچ ٹائیگرز ریزرو پارک کے فیلڈ ڈائریکٹر ریشکیک رنجان نے بتایا کہ کلا نامی شیرنی کو دو افراد ہلاک کرنے کے بعد پکڑاگیا تھا تاہم اس شیرنی کو کچھ عرصہ کے بعد پنچ ٹائیگرز ریزرو پارک سے قریبی آماجگاہ میں چھوڑ دیا گیاتھا ۔

ریشکیک رنجان نے بتایا کہ مقامی عدالت نے اس شیرنی کو ہلاک کرنے کا حکم بھی جاری کردیا ہے اس کے باوجود اہلکاروں کی کوشش ہو گی کہ اس شیرنی کو بے ہوش کر کے زندہ گرفتار کیا جائے اور اس کی تلاش کے لئے جی پی ایس سسٹم بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ بھارت میں 2226 شیر پائے جاتے ہیں جبکہ گذشتہ ماہ بھی فاریسٹ گارڈز نے اتر کھنڈ ریاست میں اس آدم خور شیر کو گولی مار کرہلاک کر دیا تھا جس پر ایک خاتون سمیت تین دیہاتیوں کو ہلاک کرنے کا الزام تھا ۔

متعلقہ عنوان :