ترکی صدر کی بیٹی کی دعوت ولیمہ‘

انجمن فیض الاسلام کے فیض آباد مرکز اور مندرہ کیمپس میں الگ الگ دعوت دی گئی پاکستان میں ترک سفارت خانہ اور ترکش ریڈ کریسنٹ کے زیر اہتمام دعوت ولیمہ کے سلسلے میں انجمن فیض الاسلام میں 1500 ․ یتیم و لا وارث بچوں کو پر تکلف کھانا دیا گیا

جمعہ 13 اکتوبر 2017 14:30

ترکی صدر کی بیٹی کی دعوت ولیمہ‘
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) پاکستان میں ترکی کے سفارت خانہ اور ترکش ریڈ کریسنٹ کے زیر اہتمام ترکی کے صدر طیب رجب اردگان کی بیٹی کی دعوت ولیمہ کے سلسلے میں انجمن فیض الاسلام میں 1500 ․ یتیم و لا وارث بچوں کو پر تکلف کھانا دیا گیا․ یہ دعوت ولیمہ انجمن فیض الاسلام کے فیض آباد مرکز اور مندرہ کیمپس میں الگ الگ ہوئی جس میں ترکش ریڈ کریسنٹ کے وفد نے احمد ریشل کی سربراہی میں شرکت کی ․صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں ، جنرل سیکریٹری راجا فتح خان ، محترمہ اظہار فاطمہ ، پروفیسر نیاز عرفان ، جاوید عمر ، محمد اکمل ، غلام جیلانی اور انجمن کے تعلیمی اداروں کے سربراہان و اساتذہ بھی اس موقع پر موجود تھے ․ ترکش ریڈ کریسنٹ وفد کے سربراہ احمد ریشل نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے اور انجمن فیض الاسلام جیسے معتبر اور انسانی خدمت کے شاندار ادارے پاکستان اور ترکی کے عوام کے درمیان موثر رابطوں اور اخوت و بھائی چارے کا ذریعہ ہیں ․ انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر طیب رجب اردگان کی بیٹی کی دعوت ولیمہ انجمن فیض الاسلام کے بچوں کے ساتھ منانا ہمارے لئے ایک بڑا اعزاز ہے ․ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام ایک دوسرے سے گہری محبت اور الفت رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں ․ ہمیں پاکستان میں سماجی بہبود کے کام کرکے بہت خوشی ہوتی ہے اور خاص طور پر انجمن فیض الاسلام میں جس طرح یتیم و لاوارث بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت کی جا رہی ہے اس سے ترکی کے عوام اور ہماری حکومت بالخصوص طیب رجب اردگان اور ان کی فیملی بہت زیادہ متاثر ہے ․ اس موقع پر انجمن فیض الاسلام کے صدر محمد صدیق اکبر میاں نے کہا کہ ترکی ہمارا برادر اسلام ملک ہے اور اس کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جس کے عوام پاکستان کے عوام سے اپنے آپ کو جدا نہیں سمجھتے ․ انہوں نے کہا ہے انجمن فیض الاسلام کے ساتھ ترک عوام خاص طور پر ترک حکومت اورترکش ریڈ کریسنٹ کا ایک خاص تعلق ہے جس کے تحت ترکش عوام کی جانب سے یتامی کی پرورش کے سلسلے میں ہمیں معاونت ملتی رہتی ہے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں ․ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور ترکی کے صدر طیب رجب اردگان ، ترکش سفارت خانے اور ترکش ریڈ کریسنٹ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے طیب رجب اردگان کی بیٹی کے ولیمے کے سلسلے میں انجمن فیض الاسلام میں کھانے کا اہتمام کیا -

متعلقہ عنوان :