حکومت مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر بم گرانے سے باز نہیں آ رہی‘ عزیز الرحمن چن

جمعہ 13 اکتوبر 2017 14:25

حکومت مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر بم گرانے سے باز نہیں آ رہی‘ عزیز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر بم گرانے سے باز نہیں آ رہی ،گھریلو استعمال کی 297 درآمدی اشیا پر 15 فیصد ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلے ظالمانہ فعل ہے،حکومت اس فیصلے کو فوری واپس لے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے درآمدی بل کو کم کرنا چاہتی ہے لیکن اس فیصلے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔

(جاری ہے)

ن لیگ حکومت کی ناقص پالیسیاں عوام کے لئے وبال جان بن گئیں ہیں۔ ڈیوٹی بڑھانے کے فیصلے سے مہنگائی کا جو طوفان اٹھے گا اس سے براہ راست عوام متاثر ہوں گے۔ حکومت نے اپنا خسارہ یا نقصان پورا کرنے کے لئے درآمدی بل کم کرنے کی بجائے ایسی منصوبہ بندی کرے جس کا خمیازہ کم از کم غریب عوام کو نہ اُٹھانا پڑے۔ حکومت نے آئے روز منی بجٹ لانا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو اپنی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ آئندہ عام انتخاب میں نظر آئے گا۔ غریب آدمی کو ریلیف ہمیشہ پیپلز پارٹی کے دور میں ملتا ہے آج عوام پیپلز پارٹی کے سنہرے دور کو یاد کر رہے ہیں۔