علاقائی تعمیر و ترقی اور خوشحالی صرف کرپشن کے خاتمہ کے ذریعہ ہی ممکن ہے،سردار شجاع احمد

جمعہ 13 اکتوبر 2017 14:21

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) علاقائی تعمیر و ترقی اور خوشحالی صرف کرپشن کے خاتمہ کے ذریعہ ہی ممکن ہے، سرکاری خزانہ سے ملنے والے فنڈز سے 50 فیصد سے زائد کمیشن اور لوٹ مار کے ذریعہ ضائع ہو جاتا ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص و غیر معیاری میٹریل کا استعمال معمول بن چکا ہے، کمیشن بڑھتے بڑھتے 30 فیصد تک جا پہنچی ہے جس کا سدباب ناگزیر اور وقت کا اہم تقاضا ہے۔

ان خیالات کا اظہار تحصیل نائب ناظم ایبٹ آباد سردار شجاع احمد نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا معیار دن بدن زبوں حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سرکاری خزانہ میں کمیشن مافیا ہے، ایک کروڑ کے فنڈز سے 50 فیصد صرف کمیشنوںکی نذر ہو جاتے ہیں جس میں 10 فیصد ٹھیکیدار، 10 فیصد متفرق اخراجات جبکہ منصوبہ شروع ہونے کے بعد تک کمیشن 30 فیصد سے تجاوز کر جاتا ہے جس سے اصل منصوبہ کیلئے صرف 50 فیصد فنڈز رہ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ روپے کے منصوبہ کیلئے اصل رقم 40 لاکھ روپے رہ جاتی ہے جس کی بدولت ٹھیکیدار ناقص میٹریل کے استعمال پر مجبور ہو جاتا ہے، علاقائی تعمیر و ترقی کیلئے کمیشن خاتمہ کیلئے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان منصوبوں میں شفافیت کیلئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے کمیشن خاتمہ کیلئے آواز بلند کریں تاکہ سرکاری اداروں میں بیٹھے کرپٹ مافیا کا قبلہ درست کیا جا سکے، نمائندگان از خود تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی کریں تاکہ منصوبوں میں کمیشن مافیا کا خاتمہ ہونے کے ساتھ ساتھ معیاری تعمیرات یقینی بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :