وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 25 دسمبر کو برہان تا حویلیاں موٹر وے منصوبہ کا افتتاح کریں گے، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 13 اکتوبر 2017 13:26

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 25 دسمبر کو برہان تا حویلیاں موٹر وے منصوبہ ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ موٹر وے منصوبہ کے پہلے فیز سے ہزارہ میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا،حویلیاں بالڈھیر بجلی کے گریڈ سٹیشن سے تحصیل حویلیاں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کا مسئلہ حل ہو جائے گا، حویلیاں شہر میں فور کور کیبل بچھائی جا رہی ہے جس کا کام ایک ہفتہ میں شروع ہو گا، مسلم لیگ (ن) عام انتخابات میں عوام کی عدالت میں سرخرو ہو گی۔

وہ جمعرات کو یہاں برہان تا حویلیاں موٹر وے تعمیر کے معائنہ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس کو ناکام بنانے کیلئے ملک دشمن طاقتوں نے ہر حربہ آزمایا مگر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ترقی پسند وژن نے ان تمام طاقتوں کو شکست دیکر اس منصوبہ کو کامیاب بنایا۔

(جاری ہے)

مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ 25 دسمبر کو برہان۔ حویلیاں موٹروے کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گے جس سے ہزارہ ڈویژن میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔انھوں نے کہاکہ ملک سے توانائی بحران کو ختم کرنے کیلئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں، دسمبر کے بعد ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ حویلیاں اور ترقی کی مخالف قوتوں نے تین سال سے عدم استحکام کی صورتحال پیدا کر کے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، مسلم لیگ (ن) ملک اور عوام کی مخلص جماعت ہے جو عوام کے دلوں میں ہے، کوئی قوت پاکستان کی عوام کو محمد نواز شریف سے متنفر نہیں کر سکتی، مسلم لیگ (ن) 2018ء میں اپنی کارکردگی عوام کی عدالت میں پیش کرے گی اور سرخرو ہو گی۔

ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ حلقہ این اے 18 میں گیس و بجلی کے منصوبے جاری ہیں جس سے سینکڑوں دیہات مستفید ہوں گے، حویلیاں بالڈھیر بجلی کے گریڈ سٹیشن سے تحصیل حویلیاں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کا مسئلہ حل ہو جائے گا، حویلیاں شہر میں فور کور کیبل بچھائی جا رہی ہے جس کا کام ایک ہفتہ میں شروع ہو گا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ گذشتہ تین سالوں سے عوام نے غیر سنجیدہ سیاسی مداریوں کا کردار دیکھ لیا ہے، 2018ء میں مسلم لیگ (ن) عوامی قوت ہے، ان ڈرامہ بازوں کو شکست دیکر ایک مرتبہ پھر عوامی حکومت بنائے گی۔