امریکہ اور جاپان، سی ایچ 53 ہیلی کاپٹروں کی پروازیں معطل کرنے پر متفق

جمعہ 13 اکتوبر 2017 13:26

ٹوکیو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) جاپان اور امریکہ نے امریکی فوج کے بڑے ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹروں کی پروازیں معطل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جاپان کے وزیر دفاع اِتسونوری اونودیرا اور جاپان میں متعین امریکی افواج کے نائب کمانڈر میجر جنرل چارلس شروٹی کی ملاقات میں ہوا۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اونودیرا نے سی ایچ 53 ہیلی کاپٹر کے اوکیناوا میں گزشتہ بدھ کو ہونے والے حادثے کے باعث، جائے حادثہ کے اردگرد کے رہائشیوں اور پورے اوکیناوا کے عوام میں اوسپرے طیاروں سمیت امریکی فوجی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے مسلسل حادثات کے باعث تشویش پیدا ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

جنرل چارلس شروٹی نے کہا کہ امریکی فوج حادثے کی تحقیقات کرے گی، اور تحقیقات مکمل ہونے تک سی ایچ 53 ہیلی کاپٹروں کی تمام کارروائیاں معطل کردے گی۔

(جاری ہے)

دونوں عہدیداروں نے ہیلی کاپٹر کے محفوظ ہونے کی تصدیق تک مذکورہ ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹروں کی پروازیں معطل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ایک سی ایچ 53 ہیلی کاپٹر، اوکیناوا کے مرکزی جزیرے کے شمالی حصے میں واقع ہگاشی گاؤں کی ایک چراگاہ میں ہنگامی طور پر اترنے کے بعد شعلوں کی لپیٹ میں آگیا تھا۔عملے کا کوئی رکن یا مقامی رہائشیوں میں سے کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔ امریکہ کے بحری تحفظ کے مرکز نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے انجن میں پرواز کے دوران آگ لگی تھی، جس کی وجہ سے اسے ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

متعلقہ عنوان :