نواز شریف کا 3 نیب ریفرنسز کو ایک بنانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ،

درخواست دائر

جمعہ 13 اکتوبر 2017 13:24

نواز شریف  کا 3 نیب ریفرنسز کو ایک بنانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) سابق وزیراعظم نواز شریف نے تین نیب ریفرنسز کو ایک بنانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے فیصلے میں شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد نیب نے شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ مل، فلیگ شپ انویسمنٹ اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے ریفرنس دائر کیے ہیں جو احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شریف خاندان نے اپنے وکلا کے توسط سے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں تینوں ریفرنس کو ایک بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں مقف اپنایا گیا ہے کہ ایک ہی الزام پر متعدد ٹرائل سے درخواست گزار کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے اور ایک ہی الزام پر متعدد ٹرائلز بنیادی حقوق سے متصادم ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تین ریفرنس پر ایک ریفرنس بننے تک زیر سماعت ریفرنسز پر کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے، سپریم کورٹ قرار دے کہ نیب سیکشن 9 اے 5 کے تحت صرف ایک ریفرنس داخل ہوسکتا ہے لہذا ریفرنس داخل کیے جانے کے 28 جولائی کے فیصلے کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ شریف خاندان کے خلاف ریفرنس پر فرد جرم کے لیے 19 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔