اردو اورپنجابی فلموں میں بھی کام کرنے کی خواہشمند ہوں ‘ آفرین پری

اسٹیج اور پشتو فلموں تک محدود رہنے سے میری صلاحیتوں کو زنگ لگ رہا ہے ‘ اداکارہ

جمعہ 13 اکتوبر 2017 13:09

اردو اورپنجابی فلموں میں بھی کام کرنے کی خواہشمند ہوں ‘ آفرین پری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) اداکارہ آفرین پری نے کہا ہے کہ میں صرف اسٹیج ڈراموں اور پشتو فلموں تک ہی محدود نہیں رہنا چاہتی بلکہ اردو اورپنجابی فلموں میں بھی کام کرنے کی خواہشمند ہوں مگر بد قسمتی سے لاہور فلم انڈسٹری میں اب فلمیں بننا کم ہو چکی ہیں اور اس کے مقابلے میں کراچی کی فلم انڈسٹری فروغ پا رہی ہے ۔

انہوں نے ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بینک کی نوکری چھوڑ کر شوبز کی طرف آئی اوریہاں مجھے توقعات سے بڑھ کر کامیابیاں ملیں اور خاص طور پر اسٹیج میری پہچان بنا اور بعد ازاں پشتو فلموں میں بھی اداکاری کر کے اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان میں بننے والی اردو اور پنجابی فلموں میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھا ئوں مگر ہماری فلم انڈسٹری کی صورتحال خستہ حال ہے اور یہاں کوئی بھی پروڈیوسر جلد سرمایہ کاری کے لئے تیار نہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ اس کے مقابلے میں پشتو فلمیں ریکارڈ ساز بزنس کررہی ہیں اور خیبر پختونخواہ میں بننے والی ہر دوسری فلم میں ہیروئن کا کردار ادا کر رہی ہوں۔ آفرین پری نے کہا کہ اسٹیج اور پشتو فلموں تک محدود رہنے سے میری صلاحیتوں کو زنگ لگ رہا ہے اور نہ صرف ہی بلکہ اور بھی بہت ساری اداکارائیں ایسی ہیں جو پشتو فلموں کے ساتھ اردو اور پنجابی فلموں بھی کام کرنا چاہتی ہیں۔