سروں کے شہنشاہ استاد نصرت فتح علی خان کا 69 واں یوم پیدائش منایا گیا

جمعہ 13 اکتوبر 2017 13:09

سروں کے شہنشاہ استاد نصرت فتح علی خان کا 69 واں یوم پیدائش منایا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) سروں کے شہنشاہ استاد نصرت فتح علی خان کا 69 واں یوم پیدائش گزشتہ روز منایا گیا ۔13اکتوبر1948ء میں فیصل آباد کے معروف قوال فتح علی خان کے ہاں پیدا ہونے والے نصرت فتح علی خان قوالی اورلوک موسیقی میں اپنی پہچان آپ تھے۔ نصرت فتح علی خان کا پہلا تعارف خاندان کے دیگرافراد کی گائی ہوئی قوالیوں سے ہوا اور دم مست قلندرمست مست نے انہیں شناخت عطا کی۔

موسیقی میں نئی جہتوں کی وجہ سے ان کی شہرت پاکستان سے نکل کرپوری دنیا میں پھیل گئی۔ بین الاقومی سطح پر صحیح معنوں میں ان کا بنایا ہوا پہلا شاہکار 1995ء میں ریلیز ہونے والی فلمڈیڈ مین واکنگ تھا جس کے بعد انہوں نے ہالی ووڈ کی ایک اور فلم دی لاسٹ ٹیمپٹیشن آف کرائسٹ کی بھی موسیقی ترتیب دی۔

(جاری ہے)

ہالی ووڈ کے بعد بالی ووڈ نے بھی نصرت فتح علی خان کو ہاتھوں ہاتھ لیا۔

انہوں نے کئی بھارتی فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔پاکستان کی حکومت نے بھی نصرت فتح علی خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں تمغہ برائیحسن کارکردگی سے نوازا۔اس کے علاوہ 1995ء میں انہیں یونیسکو میوزک ایوارڈ دیا گیا جبکہ 1997ء میں انہیں گریمی ایوارڈز کے لئے نامزد کیا گیا۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی جریدے ٹائم میگزین نے 2006ء میں ایشین ہیروز کی فہرست میں ان کا نام بھی شامل کیا۔16ستمبر 1997ء میں محض 48 برس کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کرنے والے نصرت فتح علی خان کو مداحوں سے بچھڑے 20 برس بیت گئے ہیں لیکن آج بھی سننے والے ان کے کلام میں کھو جایا کرتے ہیں۔