بین اسٹوکس نے متنازع ویڈیو پر معافی مانگ لی

میرا مقصد کیٹی پرائس اور ان کے بیٹے یا کسی کی توہین کرنا نہیں تھا ،ْ آئندہ ایسی حرکت نہیں کرونگا ،ْ گفتگو

جمعہ 13 اکتوبر 2017 12:35

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء)تنازعات میں گھرے انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے اپنی متنازع ویڈیو میں برطانوی ماڈل کیٹی پرائس کے بیٹے کا مذاق اڑانے پر مشہور ماڈل اور ان کے بیٹے سے معافی مانگ لی ہے۔انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں اور گزشتہ ماہ نائٹ کلب میں مار پیٹ کرنے پر پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد وہ ایک اور اسکینڈل کی زد میں آ گئے ہیں۔

برسٹل نائٹ کلب معاملے پر پولیس کی تفتیش جاری ہے کہ اسٹوکس کی ایک اور ویڈیو منظرعام پرآگئی جس میں وہ برطانوی ماڈل کیٹی پرائس کے معذور بیٹے ہاروی کی نقل اتارتے ہوئے ان کا مذاق اڑا رہے ہیں۔اس حرکت پر آل راؤنڈر کو تمام ہی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں بھی جلد ہی اپنی غلطی کا احساس ہو گیا اور انہوں نے اپنی اس حرکت پر معافی مانگ لی۔

(جاری ہے)

بین اسٹوکس نے سماجی میڈیا پر ایک پیغام میں ہاروی کی نقل اتارنے پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اس حرکت پر بہت شرمندہ ہیں اور کیٹی پرائس اور ان کے بیٹے سے معافی مانگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا مقصد کیٹی پرائس اور ان کے بیٹے یا کسی کی توہین کرنا نہیں تھا اور میں آئندہ کبھی ایسی حرکت نہیں کروں گا۔اسٹوکس کا کہنا تھا کہ میں نے تحریری طور پر بھی معافی مانگنے کی کوشش کی اور اس سے قبل ان سے ملاقات کرنے کی بھی کوشش کی تاکہ ذاتی حیثیت میں ملاقات کر کے معافی مانگ سکوں