مغوی غیرملکیوں کی بازیابی پاک امریکا تعلقات میں اہم موڑ ہے، وزیر داخلہ

جمعہ 13 اکتوبر 2017 12:14

مغوی غیرملکیوں کی بازیابی پاک امریکا تعلقات میں اہم موڑ ہے، وزیر داخلہ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ ، منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاک امریکا تعلقات کوخطے میں مشترکہ مقاصد اور باہمی مفادات کے حصول کے لیے بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ مغوی غیرملکیوں کی بازیابی پاک امریکا تعلقات میں اہم موڑ ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے سکیورٹی صورتحال میں بہتری اور دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ،اس سے بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ، سی پیک پاکستان سمیت، جنوبی اور وسطی ایشیا کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وہ گزشتہ روز یہاں ایک گول میزمباحثے کے دوران امریکا میں مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ کے تجزیہ کاروں اور دانشوروں سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے اس دوران خطے میں مشترکہ مقاصد کے حصول اور باہمی مفادات کے فروغ کے لئے پاک امریکہ شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے امریکی شہری کیٹلن کولمین اور اس کے خاندان کی کامیابی کے ساتھ بازیابی پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون کے حوالے سیاہم اور انتہائی اہم موڑ ہے ۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شرکاء کو پاکستان میں سکیورٹی کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور اس دوران 2013ء سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی کے معاملے کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ احسن اقبال نے بیس نکاتی نیشنل ایکشن پلان پر مشتمل پاکستان کی انسداد دہشت گردی حکمت عملی کو خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم مثال قرار دیا۔

وزیر داخلہ ‘ ترقی و منصوبہ بندی نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں حکومت نے ملکی معیشت کو سنبھالا دیا ہے اور یہ سب کچھ انفراسٹرکچر کی ترقی اور حکومت کی معاشی اصلاحات کی پالیسیوں کے باعث ممکن ہوا۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو انتہائی اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنوبی اور وسطی ایشیاء کی خوشحالی اور ترقی کے لئے انجن کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ ان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا ۔