گلوکار کشور کمار کی 30 ویں برسی منائی گئی

0 سے زائد فلموں میں گیت گانے والے گلوکار کو 8 مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا ، کئی فلموں میں اداکاری بھی کی کشور کمار 13 اکتوبر 1987 کو دل کے دورے کے باعث اس وقت دنیا سے رخصت ہوئے

جمعہ 13 اکتوبر 2017 12:01

گلوکار کشور کمار کی 30 ویں برسی منائی گئی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) بالی وڈ کی موسیقی کو اپنی آواز سے امر کرنے والے پلے بیک گلوکار ، اداکار ، موسیقار کشور کمار کی آج 30 ویں برسی ہے ۔ امر فنکار کشور کمار لیجنڈ اداکار اور فن کی معراج تھے ، چاہنے والوں نے انہیں سنگیت کا ساگر کہا ، کشور کمار کے گانے موسیقی کی دنیا کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔ ہر رنگ سے سجی ان کی آواز اپنی مثال آپ تھی ۔

کشور نے گلوکاری کے ساتھ اداکاری بھی کی ۔ ان کی آواز سننے والوں کو مدہوش کر دیتی ۔ انہوں نے 600 سے زائد فلموں میں گانے گائے ۔ گلوکاری کیلئے کشور کمار کو 8 مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ کشور کمار نے آخری سانس تک مداحوں کو اپنا گرویدہ بنائے رکھا ۔کشور کمار نے کانڈوا میں ایک بنگالی گھرانے میں جنم لیا ۔

(جاری ہے)

ان کا پیدائشی نام ابہاس کمار تھا مگر ممبئی آنے کے بعد گلوکار بننے کی خواہش میں انہوں ںے اپنا نام کشور کمار رکھ لیا ، انہوں ںے اداکاری کا آغاز 1946 میں فلم شکاری سے کیا ، انہیں دو برس بعد فلم ضدی میں ایک گیت مرنے کی دعائیں کیوں مانگوں گانے کا موقع ملا جو ان کی کامیابی کی پہلی سیڑھی ثابت ہوا ۔

اس کے بعد تو یہ سلسلہ جاری رہا اور انہیں کئی فلموں میں یادگار اور سپرہٹ گیت گانے کا موقع ملا جنہوں نے بالی ووڈ فلموں کی کامیابی میں تاریخی کردار ادا کیا ۔ ان کے گائے ہوئے گیت جیتندر ، دھرمیندر ، سنجیو کمار ، دیو آنند ،ششی کپور ، متھن چکرورتی ، ونود کھنہ ، رشی کپور ، نصیر الدین شاہ سمیت کئی اداکاروں پر فلمائے گئے جنہیں بے حد پسند کیا گیا ۔

کشور کمار کی ازدواجی زندگی کچھ زیادہ خوشحال نہیں رہی ، انہوں نے چار بار شادی کی ۔ ان کی پہلی بیوی روما گوہا ٹھکرتا تھیں جو بنگالی اداکارہ و گلوکارہ تھیں ، انہوں نے دوسری شادی 1958 میں اداکارہ مدھوبالا سے کی جو کچھ عرصہ ہی قائم رہ سکی ، کشور کمار نے مدھوبالا سے شادی کیلئے اسلام بھی قبول کیا اور ان کا نام کریم عبدل رکھا گیا ۔ ان کے بعد کشور کمار نے تیسری شادی اداکارہ یوگیتا بالی سے 1976 میں کی جو 1978 میں ختم ہوگئی ، اس کے بعد انہوں ںے 1980 میں چوتھی اور آخری شادی اداکارہ لینا چندروارکر سے کی جو ان کی موت تک قائم رہی ۔

کشور کمار نے بطور فلمساز فلمیں بھی پروڈیوس کیں ، ان کی پروڈیوس کردہ فلم چلتی کا نام گاڑی کو بالی ووڈ کی چند معیاری کامیڈٰی فلموں میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ اس فلم کی کہانی اور گیت آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں نقش ہیں ۔کشور کمار 13 اکتوبر 1987 کو دل کے دورے کے باعث اس وقت دنیا سے رخصت ہوئے جب ان کے بڑے بھائی اشوک کمار کی 76 ویں سالگرہ منائی جا رہی تھی ۔

ان کے فن کو آگے بڑھانے کیلئے ان کے بیٹے امیت کمار نے اپنی کوشش جاری رکھی اور کئی فلموں میں پلے بیک سنگر کے طور پر خدمات انجام دیں ۔ کشور کمار نے لتا منگیشکر ، آشا بھونسلے ، محمد رفیع ، کویتا کرشنا مورتی کے ساتھ بطور پلے بیک سنگر اپنی آواز کا جادو جگایا ۔ کشور کمار آج ہمارے درمیان نہیں مگر ان کی آواز ہمیشہ ہماری سماعتوں میں ایسے ہی رس گھولتی رہے گی ۔

متعلقہ عنوان :