جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس اور وکلا تصادم میں زخمی وکیل کا پولیس اور انتظامیہ کے خلاف کارروائی اعلان

ہمارے پاس ہائی کورٹ کا آرڈرتھا جس میں واضح طور پر ہدایات تھی کہ سماعت پر وکلا کو عدالت جانے سے نہ روکا جائے،ہمارا مقصد عدالت میں ہنگامہ آرائی کا نہیں تھا،ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں زخمی وکیل فرید چوہدری کی میڈیا سے بات چیت

جمعہ 13 اکتوبر 2017 11:54

جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس اور وکلا تصادم میں زخمی وکیل کا  پولیس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس اور وکلا کے درمیان تصادم میں زخمی ہونیوالے وکیل نے پولیس اور انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس ہائی کورٹ کا آرڈرتھا جس میں واضح طور پر ہدایات دی گئی تھی کہ سماعت پر وکلا کو عدالت جانے سے نہ روکا جائے،ہمارا مقصد عدالت میں ہنگامہ آرائی کا نہیں تھا،ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پرجوڈیشل کمپلیکس کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔مریم نواز اور کیپٹن صفدر جسیے ہی احتساب عدالت میں داخل ہوئے تو(ن)لیگ لائرز فورم کے وکلا نے بھی اندر جانے کی کوشش کی ، جس پر جوڈیشل کمپلیکس کے گیٹ پر پولیس اوروکلا کے درمیان جھگڑااور ہاتھا پائی ہوگئی۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکاروں کی جانب سے وکلا پر تشدد کیا گیا ، جس کے باعث ایک وکیل کا سر پھٹ گیا جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ، ساتھ وکلا کے ساتھ بد تمیزی کے واقعے پر وکلا مشتعل ہوگئے اور وہ بڑی تعداد احتجاج کرتے ہوئے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے کمرے میں پہنچ گئے جہاں نیب ریفرنسز کی سماعت ہورہی تھی۔سماعت کے بعد پولیس تشدد سے زخمی ہونے وکیل فرید چوہدری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ہائی کورٹ کا آرڈر موجود تھا جس میں واضح طور پر ہدایات دی گئی تھی کہ سماعت کے موقع پر وکلا کو عدالت جانے سے نہ روکا جائے۔

زخمی وکیل چوہدری فرید کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے وکلا پر ڈنڈنے برسائے گئے جبکہ ہمارا مقصد عدالت میں ہنگامہ آرائی کا نہیں تھا،ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا تھا کہ کوئی خاص احکامات کے پیش نظر ایسا کیا گیا،احتساب عدالت کے باہر موجود سیکیورٹی افسر نمرود اور فرعون کے پیروکار تھے، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج وکلا کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کے خلاف کارروائی کروں گا۔

دوسری جانب (ن)لیگ لائرز فورم کی جانب سے احتساب عدالت میں ہنگامہ آرائی کا معاملے پر نیب پراسیکیوشن ٹیم نے ہیڈ کوارٹرز کو معاملے سے آگاہ کر دیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا کہ ہنگامہ آرائی کی آڑ میں نیب پراسیکیوشن ٹیم پرحملے کی کوشش کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :