بیروزگاری کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے نوجوانوں کو جدید کاروباری ذرائع اور آئیڈیاز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کے سیکرٹری شعیب احمد صدیقی کا سیمینار سے خطاب

جمعہ 13 اکتوبر 2017 11:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کے سیکرٹری شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ بیروزگاری کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے نوجوانوں کو جدید کاروباری ذرائع اور آئیڈیاز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، اس سے ملک میں غربت میں کمی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ اس بات کا اظہار انہوں نے وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کے سینٹر فار سوشل انٹر پرینئر شپ کے زیر اہتمام ’’سوشل انٹر پرینئر شپ کے بڑھتے ہوئے کردار‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیکرٹری وزارت ترقی، اصلاحات و منصوبہ بندی شعیب احمد صدیقی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مقررین نے سیمینار میں جدید کاروباری طریقوں اور ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی مشکلات میں کمی لانے، غربت کو کم کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

پلاننگ کمیشن کی رکن سوشل سیکٹر اینڈ ڈیولوشن عصمہ حیدر، ڈپٹی چیف سوشل ویلفیئر سیکشن اور سینٹر فار سوشل انٹر پرینئر شپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نثار احمد اور سینٹر کے بزنس ڈویلپمنٹ منیجر جواد اے کے ترین نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔

سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے ملک میں سماجی انٹر پرائزز کے فروغ کیلئے سماجی بہبود کے شعبے میں کام کرنے والے فریقین کے درمیان روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پلاننگ کمیشن میں اس سینٹر کا قیام وزارت کی ایک اہم کامیابی ہے جس کے ذریعے سوشل انٹر پرینئر شپ کے شعبہ میں پالیسی اور منصوبہ بندی کی جانب پیش قدمی کی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت نے سینٹر کے قیام کیلئے قائدانہ کردار ادا کیا ہے جس سے ملک کے سماجی شعبہ یعنی تعلیم، صحت، سماجی بہبود، خصوصی تعلیم، صنف اور خواتین کو بااختیار بنانے، خوراک کے تحفظ، سماجی تحفظ اور پانی و سینی ٹیشن جیسے شعبوں میں قومی منصوبہ بندی ممکن ہوسکے گی۔ یہ سینٹر قومی اور بین الاقوامی تنظیموں، منصوبہ سازوں، پیشہ ورانہ مہارت رکھنے اور اس شعبہ میں کام کرنے والوں کی مدد سے اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔

اس سینٹر میں مختلف سماجی مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے جدید طریقوں کو بروئے کار لایا جائے گا اور غربت میں کمی اور تربیت یافتہ ورک فورس کی دستیابی اور سماجی معاملات پر ڈیٹا اور رپورٹس کی دستیابی کو بھی سینٹر میں یقینی بنایا جائے گا اور منصوبہ سازوں کی معاونت کیلئے مشاورتی باڈی بھی موجود ہوگی۔