خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں جولائی، اگست کے دوران 5 فیصد اضافہ

جمعہ 13 اکتوبر 2017 10:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) رواں مالی سال 2017-18ء کے پہلے دو ماہ میں جولائی اور اگست کے دوران خدمات کے شعبہ کی قومی برآمدات میں 5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں ابتدائی دو مہینوں کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات سے 816.27 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا ہے تاہم ماہ اگست کے دوران شعبہ کی برآمدات میں 4.29 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران خدمات کے شعبہ کی درآمدات میں 25 فیصد کے اضافہ سے درآمدات کا حجم 1.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 1.44 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔ پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق اگست 2017ء کے دوران شعبہ کی درآمدات میں 20.5 فیصد کے اضافہ سے درآمدات کا حجم 897.3 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ مالی سال کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں مجموعی طور پر 1.76 فیصد کے اضافہ سے 5.55 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں جبکہ شعبہ کی درآمدات میں مجموعی طور پر 2.96 فیصد کا اضافہ ہوا اور درآمدات کا حجم 9.12 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :