خیبر پختونخوا میں عوام کو کرپٹ اور کمیشن مافیا سے نجات دلاکر میرٹ اور انصاف کا نظام پروان چڑھایا ہے، صوبائی وزیر تعلیم

کارکردگی کی بدولت عوام آئندہ عام انتخابات میں ایک بار پھر پی ٹی آئی پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کریں گے، تقریب سے خطاب

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء)صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں نظام کی تبدیلی کے اثرات نمایاں ہیں عوام کو کرپٹ اور کمیشن مافیا سے نجات دلاکر میرٹ اور انصاف کا نظام پروان چڑھایا گیا ہے جہاں غریب عوام کو تعلیم،صحت اور دیگر ضروری سہولیات بغیر کسی رشوت اور سفارش میسر ہیں۔

صوبے کے عوام سیاسی بصیرت رکھتے ہیں اور اپنی کارکردگی کی بدولت آئندہ عام انتخابات میں ایک بار پھر پی ٹی آئی پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کریں گے۔وہ بالاگڑھی میں جدید انڈور گیمز کے جمنازیم ہال کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔تقریب سے بالاگڑھی کے ضلع کونسلر ایاز باچہ اورڈسٹرکٹ کونسل کے رکن شیر بہادر خان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جمنازیم ہال جس پر تین کروڑ روپے لاگت آئے گی میں نوجوانوں کے لیے ٹیبل ٹینس ، والی بال ،باسکٹ بال اور دیگر انڈور گیمز کی سہولیات میسر ہوں گی۔عاطف خان نے کہا کہ کرپشن اور ترقی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے دنیا بھر میں ترقی کرنے والی اقوام نے کرپشن کو ختم کیا تو آگے بڑھے جبکہ ہمارے ہاں سائیکلوں پر آنے والے قومی دولت ہڑپ کرکے لینڈ کروزروں میں پھر رہے ہیں اور ان دنوں ایک بار پھر گلی کوچوں میں نکل کر عوام کو سبز باغ دکھارہے ہیں۔

اٴْنہوں نے کہا کہ عوام ان عناصر کو بخوبی جانتے ہیں اور وہ کبھی رشوت ،کرپشن اور لوٹ مار کے دور کو کبھی واپس نہیں آنے دیں گے۔ سابقہ حکمرانوں نے صوبے میں ہر چیز برائے فروخت کر دی تھی اور سیاسی قائدین اور ارکان اسمبلی عوام سے ووٹ لے کر پانچ سال کے لیے غائب ہوجاتے تھے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ پی کے 30 کی تمام یونین کونسلوں میں جمازیم ہال تعمیر کیے جارہے ہیں جس سے مقامی نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولت میسر ہوگی اور مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

اٴْنہوں نے کہا کہ اس حلقے کو ماضی میں بری طرح نظر انداز کیا گیا جبکہ ہماری حکومت نے یہاں کے عوام کی محرومیوں کو دور کرتے ہوئے یہاں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے اور صرف سڑ کوں کی تعمیر کے شعبے میں یہاں ایک ارب روپے سے زیادہ کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں جبکہ بجلی کے منصوبوں پر چالیس کروڑ سے زیادہ رقم خرچ کی گئی ہے اٴْنہوں نے کہا کہ اس حلقے کی تین سو جامع مساجد میں سولر سسٹم نصب کیا جا رہا ہے جبکہ مساجد میں الیکٹرک واٹر کولرز بھی نصب کئے گئے ہیں۔قبل ازیں عاطف خان بالاگڑھی پہنچے تو بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔