خضدار شہر میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے،

مختلف شاہراہوں اور چوک و چوراہوں کو خوبصورت زاویے کے ساتھ بہتر بنایا جارہاہے ،آنے والے دنوں میں شہر کی خوبصورتی میں مذید اضافہ دیکھنے میں آئیگا،میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:31

کوئٹہ۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء)میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاہے کہ خضدار شہر میں اسٹریٹ لائٹس تنصیب کا کام جاری ہے جب کہ مختلف شاہراہوں اور چوک و چوراہوں کو خوبصورت زاویے کے ساتھ بہتر بنایا جارہاہے ۔آنے والے دنوں میں شہر کی خوبصورتی میں مذید اضافہ دیکھنے میں آئیگا ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایس ایس پی آفس خضدار کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ایس ایس پی خضدار عبدالعزیز جکھرانی، ڈی ایس پی محمد امین لاسی ،سی آئی ڈی آفیسر انسپکٹر محمد عارف بلوچ ،ایس ایچ او خضدار سٹی شربت خان عمرانی ، ایس ایچ او صدر تھانہ حاصل خان قمبرانی اور دیگر پولیس آفیسران سے ان کی ملاقاتیں ہوئیں ۔میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد کو شہر میں پولیس کی کار کردگی اور امن وامان کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

پولیس آفیسران سے گفتگو کرتے ہوئے میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ اگر تمام ادارے تندہی اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کردیں تو شہر تمام تر مسائل سے خود بخود ہی نکل آسکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ شہریوں کا امن وامان کے لحاظ سے پولیس پر بہت زیادہ انحصار ہوتا ہے ۔ اور پولیس عوام کے جان و مال کی حفاظت کرکے اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں ادا کردے تو پولیس پر عوام کا اعتماد مذید زیادہ بڑھے گا ۔

انہوںنے کہاکہ میونسپل کارپوریشن خضدار انتظامیہ کے ساتھ ملکر شہر کی خوبصورتی کے لئے اپنی توانائیاں خرچ کررہی ہے اور شہر کی خوبصورتی کے لئے تمام تر اقدامات کیئے جارہے ہیں ۔ اس سے قبل شہر کی سڑکیں تعمیر کی گئیں سیوریج سسٹم کو بہتر بنایا گیا اب شہر کے مختلف مقامات پر خوبصورتی کے منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے شہر کی خوبصورتی میں مذید اضافہ ہوگا ۔