عالمی یوم بصارت کا دن منایا گیا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:29

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم بصارت کا دن منایا گیا،عالمی یوم بصارت کے سلسلہ میںفیصل آباد میں ایک آگاہی واک اور تقریب کااہتمام کیا گیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بتایاکہ اس وقت دنیا کی 7.3 ارب کی کل آبادی میں سے 38 ملین افراد نابینا ہیں۔ ان نابینا افراد میں سے 80 فیصد افراد قابل علاج ہیں مگر ناقص معلومات اور مالی دشواریوں کی وجہ سے وہ اپنا علاج نہیں کرو ا پاتے، دنیا میں ہر پانچ میں سے 4 افراد نابینا پن کا شکار ہیں ۔

آن لائن کے مطابق فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر اور نیکسس لائنز کلب کے چارٹر ڈ صدر شیخ فاروق یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کل 2.5 فیصد نابینا افراد میں سے 80 فیصد قابل علاج ہیں اور لائن کلب سمیت معاشرے کے تمام مخیر حضرات کی مذہبی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کو بینائی لوٹانے کیلئے دل کھول کر خرچ کریں۔

(جاری ہے)

عالمی یوم بصارت پر اس تقریب کا انعقاد کرنے پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق سنیئر نائب صدر رانا سکندر اعظم خاں نے نیکسس اور الٹی میٹ لائن کلب کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس قسم کی تقریبات کا انعقاد کر کے ہم تیزی سے بڑھتی ہوئے آنکھوں کی بیماریوں پر قابو پا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ا ٓنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا زیادہ تر لوگ غریب اور ترقی پذیر ملکوں میں رہتے ہیں مگر وہ مالی دشواریوں کی وجہ سے اپنا علاج ہی نہیں کر پاتے سری لنکا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کا یہ چھوٹا ساملک بہت سے ملکوں کو آنکھوں کے عطیات دیتا ہے مگر بدقسمتی سے پاکستان میں آنکھوں کے عطیات دینے کا رواج فروغ نہیں پا سکا۔

واک کا اہتمام فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری ، نیکسس لائنز کلب اور الٹی میٹ لائنز کلب نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ واک کے شرکاء نے مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر آنکھوں کی حفاظت اور نابینا افراد کی مدد کے علاوہ ا ن کو قابل علاج بیماریوں کیلئے مربوط کوششیں کرنے کے بارے میں نعرے درج تھے۔ واک کے شرکاء نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سے فیصل آباد گرائمر سکول تک مارچ کی اور اس عزم کا اظہا ر کیا کہ پاکستان سے نابینا پن کے خاتمے اور آنکھو ں سے متعلقہ بیماریوں کے خاتمہ کیلئے بھر پور کوشش کی جائیں گی ۔