کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈ کا منصوبہ تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:28

فیصل آباد۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء)32کروڑ43لاکھ روپے کی لاگت سے 23کلومیٹر طویل کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ تیزرفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جس میں کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈ کی تعمیراتی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر،ملک شاہد اقبال اعوان کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد سعید،ایکسئین ہائی ویز رانا اظہر،چیف آفیسر ضلع کونسل نعیم اللہ وڑائچ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایکسئین ہائی ویز نے بتایا کہ کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈ تین مرحلوں میں مکمل ہوگا ۔پہلے مرحلے میں 3.75کلومیٹر،دوسرے مرحلے میں 8.25کلومیٹر اورآخری حصہ میں 11کلومیٹر سڑک تعمیر ہوگی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈذرائع مواصلات کی ترقی کے حوالے سے بڑی اہمیت کا حامل ہے لہذااسے جلد مکمل کرانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔اس موقع پر بتایا گیا کہ کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈ کی تعمیر کا پہلا مرحلہ رواں سال دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔